سڈنی: آسٹریلیا کو کروناوائرس کے بعد برڈ فلو نے بھی جکڑ لیا، ملک میں 4 لاکھ 50 ہزار کے قریب مرغیاں برڈ فلو کا شکار ہوگئیں، انتظامیہ نے پرندوں کے لیے قائم فارم کو قرنطینہ کردیا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برڈ فلو کی نئی لہر آسٹریلیا میں پرندوں کو نشانہ بنارہی ہے، آسٹریلوی فارم میں چار لاکھ پچاس ہزار مرغیوں میں فلو پایا گیا، اس سے قبل مزید 3 فارمز میں لاکھوں مرغیاں اس وائرس کا شکار ہوچکی ہیں۔
انتظامیہ نے برڈ فلو کے پھیلاؤ سے بچنے کے لیے پولٹری فارم کو قرنطینہ کردیا۔ اس سے قبل رواں سال جولائی میں پہلے پولٹری فارم پر فلو نے حملہ کیا، جس کے بعد اگست میں دو فارمز کو اپنا نشانہ بنایا۔
یو اے ای نے کویت سے انڈوں اور پرندوں کی درآمد پر عائد پابندی اٹھالی
رپورٹ کے مطابق متعلقہ ادارے نے فیصلہ کیا ہے کہ متاثرہ مرغیوں کو رواں ہفتے کے اختتام تک تلف کردیا جائے گا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ برڈ فلو کی نئی لہر میں H7N7 اور H5N2 جیسے مادی جز پائے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ برڈ فلو سے شہریوں کو خطرہ نہیں البتہ لوگوں کا چاہیے کہ وہ بیمار مرغیوں سے دور رہیں۔
آسٹریلیا میں کوکی نامی ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ برڈ فلو پرندے پالنے والوں کے لیے ایک وارننگ ہے، دیسی پرندوں کو جنگلی پرندوں سے دور رکھنے کی کوشش کریں، بصورت دیگر فلو کا پھلاؤ ممکن ہے۔