اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے اختتام پر خیبر پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا جس میں 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ مفت اور بہترین صحت ریاست کی ذمہ داری اور ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔
مراد سعید کا کہنا تھا کہ اس مالی سال کے اختتام پر خیبر پختونخواہ کی 100 فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا جس میں 10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پروگرام پورے ملک میں پھیلایا جا رہا ہے لیکن مفت اور بہترین علاج کی سہولت کے لیے سندھ حکومت ساتھ کیوں نہیں دے رہی؟
مفت اور بہترین صحت ریاست کی زمہ داری اور ہر شہری کا بنیادی حق۔اس مالی سال کے اختتام پر خیبر پختونخواہ کے سو فیصد آبادی کے پاس صحت کارڈ ہوگا(10 لاکھ کی ہیلتھ انشورنس)
یہ پروگرام پورے ملک میں پھیلایا جارہا ہے لیکن مفت اور بہترین علاج کی سہولت کیلے سندھ حکومت ساتھ کیوں نہیں دے رہی؟
— Murad Saeed (@MuradSaeedPTI) August 20, 2020
خیال رہے کہ چند روز قبل خصوصی افراد کے لیے صحت سہولت پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ سے غریب افراد 7 لاکھ 20 ہزار میں اپنا علاج کروا سکیں گے۔
انہوں نے کہا تھا کہ جب غریب گھرانے میں بیماری آتی ہے تو اسے قرض لینا پڑتا ہے، غریب گھرانے کینسر کا علاج کروانے کے لیے تباہ ہوجاتے تھے، اب وہ صحت کارڈ سے اپنا علاج کروا سکیں گے۔