جمعرات, جولائی 3, 2025
اشتہار

پاک فضائیہ کا جانباز پائلٹ راشد منہاس شہید نشانِ حیدر کو خراجِ عقیدت پیش

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد : پاک فضائیہ نے جانباز پائلٹ راشد منہاس شہیدنشان حیدر کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دستاویزی فلم جاری کر دی اور کہا راشد منہاس شہید ہماری آنے والی نوجوان نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے جانباز پائلٹ راشد منہاس کا 49 واں یوم شہادت منایا جارہا ہے ، پاک فضائیہ نے راشد منہاس شہید نشان حیدر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے دستاویزی فلم جاری کر دی۔

ترجمان پاک فضائیہ نے کہا کہ 17 فروری 1951 کو کراچی میں جنم لینے والے راشد منہاس ملکی تاریخ کا ایک ایسا درخشاں ستارہ ہیں، جو آنے والی نسلوں کو اپنی روشنی سے منور کرتے رہیں گے، ملکی سرحدوں کی حفاظت کا جذبہ دل میں لیے راشد منہاس نے 14 مارچ 1971 کو پاک فضائیہ کے 51ویں جی ڈی پی کورس میں کمیشن حاصل کیا۔

بعد ازاں وہ آپریشنل کنورژن کورس کے لیے ماڑی پور (مسرور) میں تعینات نمبر 2 اسکواڈرن پہنچے، جہاں رب کائنات نے ان کے مقدر میں لا زوال رفعتیں لکھ رکھی تھیں، 20 اگست 1971 کے دن کراچی کی فضاؤں میں وہ ناقابل فراموش داستان شجاعت لکھی گئی، جسے راشد منہاس نے اپنے لہو سے رقم کیا ۔

ترجمان کے مطابق اس دن راشد منہاس کے انسٹرکٹر پائلٹ مطیع الرحمان نے ان کے T-33 تربیتی طیارے کو ہائی جیک کرنے کے بعد بھارت لے جانے کی کوشش کی تو راشد نے اس کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملاتے ہوئے طیارے کو ملکی سرحد عبور کرنے سے پہلے زمین سے ٹکرا دیا۔

پاک فضائیہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ راشد منہاس کی وطن سے لازوال محبت اور ناقابل فراموش شجاعت کے اعتراف میں حکومت پاکستان نے انہیں نشان حیدر کا اعزاز عطا کیا، راشد منہاس کا شمار ملک کے ان جری جوانوں میں ہوتا ہے، جنہوں نے اپنی جان مادر وطن پر قربان کر دی لیکن ملکی وقار پر آنچ نہیں آنے دی۔

ترجمان نے کہا کہ راشد منہاس شہید ہماری آنے والی نوجوان نسلوں کے لیے مشعل راہ ہیں اور تا قیامت ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔

اہم ترین

انجم وہاب
انجم وہاب
انجم وہاب اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں اور تجارت، صنعت و حرفت اور دیگر کاروباری خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں