اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قربانیاں دینے والوں کوخراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیر اور فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کےخاتمے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک فوج، سیکیورٹی ادارے اور ان تمام شہریوں کوخراج عقیدت پیش کرتا ہوں، زندگیوں کاتحفظ دنیا کی مشترکہ ذمہ داری ہے، کشمیراور فلسطین میں ریاستی دہشت گردی کے خاتمے کا مطالبہ کرتا ہوں۔
اس سے قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے بیان میں کہا تا کہ کہ دہشت گردی کا شکار افراد،خاندانوں سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، عوام گزشتہ 2 دہائیوں میں دہشت گردی کا نشانہ بنے،پاکستان کے 70 ہزار افراد دہشت گردی کا شکار ہوئے،دہشتگردی کی وجہ سے پاکستان کو 120 ارب ڈالر کا نقصان ہوا۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ملک کی حفاظت کے لیے ہزاروں جوانوں نے جانوں کا نذرانہ پیش کیا،شہید جوانوں اور اہلکاروں کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں، پاکستان کے عوام اور حکومت ان کی قربانیوں کو فراموش نہیں کر سکتے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا عزم غیر متزلزل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی برادری بھارت کے سول،فوجی حکام کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرے،حکومت پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ ہے۔