اسلام آباد: صدر بین الپارلیمانی یونین گیبریلا کویس بیرن نے پاکستان کے دورے کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان میں میرا پرجوش استقبال کیا گیا، میں اس پر شکر گزار ہوں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق انٹر پارلیمانی یونین کی صدر گیبریلا کویس بیرن آج پانچ روزہ دورے پر پاکستان آئی ہیں، انھوں نے پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے پارلیمانی سروسز میں تقریب سے خطاب کیا۔
پپس میں خطاب کے دوران انھوں نے کہا کہ میں پاکستان میں پرجوش استقبال پر شکر گزار ہوں، آئی پی یو کے قیام کو 131 سال ہو گئے ہیں، اس کا مقصد پارلیمانی سفارت کاری کو فروغ دینا ہے۔
گیبریلا کویس نے کہا کہ دنیا میں خواتین کی پارلیمان میں نمائندگی صرف 25 فی صد ہے، اور اس وقت صرف 5 فی صد سربراہان مملکت خواتین ہیں، ہمیں آئی پی یو کے تحت خواتین کو خود مختاری دینی ہے۔
انٹرپارلیمانی یونین کی صدر 5 روزہ دورے پر
صدر بین الپارلیمانی یونین نے کرونا وائرس سے متعلق عالمی صورت حال پر تشویش ظاہر کی، انھوں نے کہا کہ کرونا سے متعلق دنیا بھر میں پالیسی کا فقدان ہے۔
قبل ازیں، پاکستان آمد پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، شیری رحمان اور سید عابد حسن نے گیبریلا کویس کا استقبال کیا، ان کو پاکستان انسٹیٹیوٹ برائے پارلیمانی سروسز میں بریفنگ بھی دی گئی۔
خیال رہے کہ بین الپارلیمانی یونین کی صدر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہی ہیں۔ آئی پی یو صدر کی سطح پر دورہ اہم پارلیمانی اور سفارتی پیش رفت قرار دی جا رہی ہے، دوسری طرف اس دورے سے بین الاقوامی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو فروغ دینےمیں مدد ملے گی۔