جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

کراچی کے داخلی و خارجی راستوں پر کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کراچی کے داخلی وخارجی راستوں پرکیمرے نصب کرنے اور مدارس کو تعلیمی اداروں کے طور پر رجسٹر کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبائی وزرا،مشیر قانون مرتضیٰ وہاب ،چیف سیکریٹری ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل ہمایوں عزیز،ڈی جی رینجرز ، آئی جی سندھ ، پرنسپل سیکریٹری ،سیکریٹری داخلہ، کمشنر کراچی اور دیگر متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے 16پوائنٹس پرعملدرآمد پر آئی جی سندھ نے بریفنگ دی جبکہ موٹر سائیکلز میں ٹریکر معاملے پر آئی جی سندھ اور سیکریٹری  ٹرانسپورٹ اور اسٹریٹ کرائم پر قانون سازی پر سیکریٹری قانون نے بریفنگ دی۔

اجلاس میں سندھ میں مدارس کو تعلیمی اداروں کے طور پر رجسٹر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، بریفنگ میں بتایا کہ سندھ میں 8195 مدارس اور امام بارگاہیں ہیں ،:اب مدارس محکمہ تعلیم رجسٹر کرے گی ، ماضی میں محکمہ اوقاف اور انڈسٹریز قوانین کے تحت رجسٹرڈ کرتی تھیں، وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے کہا مدارس کا مفت تعلیم دینے میں اہم کردار ہے ۔

مشیر قانون نے بریفنگ میں کہا اسٹریٹ کرائم کے خاتمے کیلئےقانون سازی کی تیاری پر کام جاری ہے ، نئے قانون کی تیاری کیلئے ہائی کورٹ سے مشاورت جاری ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ نیاقانون بننےتک موجودہ قانون کےتحت کرائم کیسز ڈیل کئےجائیں، صرف قانون بنانا کافی نہیں اس پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے ،اسٹریٹ کرائمز کیسز ایسے بنائے جائیں تاکہ ملزمان کوسزا ہو، کیس کمزور بنایا جاتا ہے جس سے جرائم پیشہ افراد آزاد ہوجاتےہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے چالان بہتر انداز میں بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ ہائی کورٹ سے درخواست کرین گے کہ ،اسٹریٹ کرائم کیسز کیلئے الگ جج تقرر کیا جائے۔

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیف سٹی پرعملدرآمد شروع ہوگیا ہے ، این آرٹی سی،قانون نافذ کرنیوالے اداروں کی مشترکہ سروے  مکمل ہوچکی ، چہرے کی شناخت کاسسٹم، انٹیلی جنٹ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم میں پیشرفت ہوئی، ڈیٹا اینالائز سسٹم،ای پیٹرولنگ،اسمارٹ پولیس اسٹیشن میں بھی پیشرفت ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا سندھ پولیس آٹومیشن کے قیام میں بھی پیشرفت ہوئی ہے، سیف سٹی کے اہم نکات جس پر ابھی کام ہونا باقی ہے ، سیف سیٹی اتھارٹی میں10000کیمروں کی تنصیب کی فزیبلیٹی اسٹڈی شامل ہے، پراجیکٹ کیلئےفنڈز ،ایف آر آئی ڈی نمبر پلیٹس کی کابینہ منظور دے چکی ہے، پراجیکٹ میں اسلحہ رجسٹریشن جس میں بلاسٹک لیب کا قیام شامل بھی شامل ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ سیف سیٹی اتھارٹی کی قانون سازی مکمل کی جائے ، اس پراجیکٹس کے لیے فنڈز کا انتظام کررہا ہوں۔

بریفنگ میں بتایا گیا سی پیک پراجیکٹس کے اسٹاف کو مکمل سیکیورٹی دی جارہی ہے ، سندھ میں 12پراجیکٹس پر2500 چینی انجینئرز کام کر رہے ہیں، چینی عملے کی سیکیورٹی پر 4500 کے قریب اہلکار تعینات ہیں، سندھ میں 136 نان سی پیک پراجیکٹس چل رہے ہیں ، ان پراجیکٹس میں 488 غیرملکی عملہ کام کررہاہے ، پراجیکٹس کیلئےسیکیورٹی کی ایس او پی جاری کی گئی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ مائی بختاورایئرپورٹ کو فعال کرنے کیلئےایم او یو سائن کیا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت ایپکس کمیٹی کااجلاس میں کراچی کےداخلی وخارجی راستوں پرکیمرے نصب کرنےکافیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹریفک اور لوگوں کی نقل و حرکت پرنظررکھی جاسکے گی۔

آئی جی پولیس نے بتایا کہ صوبے میں اہم مقامات کی سیکیورٹی آڈٹ کرتےرہتےہیں، صوبے میں 344 اہم مقامات کی نشاندہی کی جا چکی ہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا بارشوں کے بعد شہر کی سڑکوں کا سروے کیاجائے گا، جوسڑکیں خراب ہوئی ہیں ان کی مرمت کی جائے گی۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں