کراچی: 60 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر پہلا جہاز کراچی پہنچ گیا، جو کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہو گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ملک میں گندم کی قلت ختم کرنے کے لیے بیرون ملک سے مجموعی طور پر گندم کے 9 بحری جہاز بک ہو چکے ہیں۔
چئیرمین اجناس ایسوسی ایشن پاکستان مزمل چیپل کا کہنا ہے کہ درآمدی گندم آنے سے ملک میں آٹے کی قیمتوں میں کمی ہونے کا امکان ہے، درآمدی گندم کی آمد سے ملک میں اجناس اور گندم کی قیمتوں میں استحکام آئے گا اور قیمت کم ہو جائے گی۔
انھوں نے بتایا کہ ملک میں رواں سال تقریباً ایک سے ڈیڑھ ملین میٹرک ٹن گندم کی کمی ہے، گندم کی درآمد کے 6 لاکھ ٹن کے معاہدے طے پا چکے ہیں، اور اجناس کے درآمد کنندگان نے گندم کے نو جہاز بک کروائے ہیں۔
حکومتی اقدامات، گندم کی قیمتیں کم ہوں گئیں
چیئرمین اجناس ایسوسی ایشن کا کہنا تھا کہ گندم کا دوسرا جہاز رواں ماہ کے آخری ہفتے میں کراچی پہنچے گا۔
واضح رہے کہ گندم کی درآمد کے ساتھ سندھ اور پنجاب میں گندم کی قیمتیں کم ہونے لگی ہیں، سندھ میں گندم کی قیمت 7 روپے کم ہو کر 46 روپے فی کلو ہو گئی جب کہ پنجاب میں بھی قیمت 6.50 روپے گھٹ کر 48.50 روپے فی کلو ہو گئی ہے۔
امپورٹرز نے بتایا تھا کہ گندم کی قیمت بین الاقوامی منڈی میں تقریباً 240 ڈالر فی ٹن ہے۔