واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابی حریف اور سابق نائب صدر جو بائیڈن کا منشیات کا ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ ہم دوبارہ منتخب ہوکر امریکا کو مزید خوشحال بنائیں گے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے صدارتی مباحثوں کے باقاعدہ آغاز سے پہلے سابق نائب صدر جوبائیڈن کے منشیات کا ٹیسٹ کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔
صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ جو بائیڈن کے ہمراہ وہ اپنا ٹیسٹ بھی کروائیں گے، یہ بات انہوں نے امریکی میگزین واشنگٹن ایگزامینر کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران جو بائیڈن کی بہتر کارکردگی پر انہیں تشویش ہے۔
خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کے پاس اپنے دعوے کو ثابت کرنے کے لیے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں تاہم انہوں نے کہا کہ وہ ان معاملات کو بخوبی سمجھتے ہیں اور انہوں نے جو بائیڈن کو مختلف صدارتی امیدواروں کے ساتھ مباحثوں میں شرکت کرتے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بائیڈن ماضی میں تقریباً نااہل تھے جبکہ برنی سینڈرز کے ساتھ ہونے والے صدارتی مباحثے میں ان کی کارکردگی نارمل تھی۔
صدر ٹرمپ نے جو بائیڈن کی کارکردگی میں یکدم بہتری پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کیسے ممکن ہو گیا؟ صدر ٹرمپ نے 2016 کی صدارتی مہم میں بھی اپنی انتخابی حریف ہیلری کلنٹن کے بارے میں کہا تھا کہ انہوں نے منشیات استعمال کی ہیں۔
علاوہ ازیں صدرٹرمپ نے ریپبلکن نیشنل کنونشن میں صدارتی نامزدگی قبول کرلی ہے ان کا کہنا ہے کہ دوسری بار صدر منتخب ہوکرامریکا کو مزید خوشحال بنائیں گے، چار روزہ کنونشن کے آخری روز وائٹ ہاؤس میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بدامنی ،انتشار اور احتجاج پر اکسانے والوں کو شکست ہوگی.
واضح رہے کہ صدر ٹرمپ اور سابق نائب صدر جو بائیڈن کے درمیان پہلا صدارتی مباحثہ 29 ستمبر کو منعقد ہوگا جبکہ دیگر دو مباحثے15اور22اکتوبر کو منعقد ہوں گے۔