ریاض : سعودی وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود نے کہا ہے کہ بقالوں (جنرل اسٹورز) کی سعودائزیشن میں تیزی لائی جائے گی۔ لائحہ عمل تیار کیا جارہا ہے۔
جنرل سٹورز کی سعودائزیشن میں تیزی لانے کا فیصلہ مملکت بھر میں ریٹیل سیکٹر کی سعودائزیشن اور سعودیوں کے نام سے غیرملکیوں کے کاروبار کے انسداد کے تحت کیا گیا ہے۔
سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزارت افرادی قوت و سماجی بہبود کے ماتحت تجارتی سرگرمیوں کی سعودائزیشن کے ادارے کے ڈائریکٹر عبدالسلام التویجری نے مشرقی ریجن کے ایوان صنعت و تجارت کے زیر انتظام سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کے تعاون سے جنرل اسٹورز کی سعودائزیشن کا تیسرا مرحلہ جلد شروع کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزارت افرادی قوت نو قسم کی تجارتی سرگرمیوں کی 70 فیصد سعودائزیشن کا فیصلہ کرچکی ہے۔ اس حوالے سے تجارتی اداروں کو تین سے چار ماہ کی مہلت دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ بیشتر تجارتی ادارے اپنے یہاں سعودی شہریوں کے تقرر کے سلسلے میں پرعزم ہیں جبکہ وہ مقامی نوجوانوں کو تجارتی سرگرمیوں سے منسلک ہونے کا اہل بنانے کا طریقہ کار بھی دریافت کرنے لگے ہیں۔ وہ چاہتے ہیں کہ یہ ہدف حاصل ہو اور اس سلسلے میں جہاں سے انہیں جو تعاون مل سکتا ہو اسے حاصل کیا جائے۔
یاد رہے کہ وزارت افرادی قوت نے حال ہی میں قہوہ، چائے، شہد، چینی، مصالحہ جات، پانی، مشروبات، پھلوں، سبزیوں، کھجوروں، پودوں، زرعی مواد، کتابوں، تحائف، کھلونوں، اسٹیشنری اور طلبہ کو مطلوب خدمات کی سعودائزیشن کا فیصلہ جاری کیا تھا۔