بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

محمد رضوان کو کرکٹ ٹیم کا کپتان بنانے کی تیاریاں

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کے خیال میں وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کا کپتان بنایا جاسکتا ہے، رضوان میں قیادت کی صلاحیت موجود ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف کا خیال ہے کہ ٹیم مینجمنٹ وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان کو مستقبل کی کپتانی کا امیدوار سمجھ رہی ہے اور اس لحاظ سے انہیں تیار بھی کیا جا رہا ہے۔

اپنے ایک بیان میں راشد لطف کا کہنا تھا کہ رضوان کی کارکردگی اسٹمپس کے پیچھے بہترین رہی، اگر ہم مستقبل کے کپتان کو تلاش کر رہے ہیں تو رضوان میں صلاحیت موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ رضوان نے پاکستان اے ٹیم کی بھی قیادت کی ہے، اگر ٹیم مینجمنٹ اسے ہر فارمیٹ میں کھلا رہی ہے تو شاید وہ انہیں مستقبل میں ضرورت پڑنے پر قیادت سونپنے کے بارے میں سوچ رہے ہوں گے۔ محمد رضوان نے وکٹوں کے پیچھے کھڑے ہو کر بہترین کمیونی کیشن کا مظاہرہ بھی کیا۔

سابق کپتان کا کہنا تھا کہ رضوان کی باؤلرز کے ساتھ گفتگو بہترین ہے، وکٹ کیپر کا کام صرف بیٹنگ یا وکٹ کیپنگ تک محدود نہیں بلکہ ایک وکٹ کیپر نے ٹیم کو چلانا ہوتا ہے اور محمد رضوان 50 فیصد میچ چلا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ جب شاداب کو چھکا لگا تو محمد رضوان اس کے پاس گئے اور بات چیت کی، انہوں نے کئی مواقعوں پر فیلڈنگ بھی درست کی کیونکہ جب بابراعظم مڈ وکٹ پر کھڑے تھے تو انہیں فیلڈنگ میں موجود خلا کا علم نہیں تھا جن کے بارے میں محمد رضوان نے بتایا۔

راشد لطیف کا مزید کہنا تھا کہ محمد رضوان میں ایک کپتان کی خصوصیات ہیں اور اس سیریز میں انہوں نے اپنا واضح نشان چھوڑا ہے جس کی تعریف کی جانی چاہیئے، وہ طویل عرصے تک پاکستان کی خدمت کریں گے۔ اگر شعیب ملک اور محمد حفیظ کھیل سکتے ہیں تو سرفراز احمد بھی کھیل سکتے ہیں، اور ابھی ان کا باب بند نہیں ہوا۔ بہت سے کھلاڑی ڈراپ ہوتے ہیں اور پھر کم بیک کرتے ہیں، لہٰذا انہیں بھی کم از کم ایک فارمیٹ میں ضرور موقع دینا چاہیئے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں