اسلام آباد: ملک بھر میں 24 گھنٹوں میں کرونا کے مزید 6 مریض انتقال کر گئے، این سی او سی کا کہنا ہے ملک بھر میں کرونا سے اموات کی تعداد 6294 ہو گئی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں کرونا کیسز اور اموات کی تعداد میں بتدریج کمی کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں 213 کرونا کیسز سامنے آئے، جبکہ 24 گھنٹوں میں ملک بھر میں 6 مریضوں نے دم توڑا۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کرونا سے کُل اموات 6294 ہو گئی ہیں، جبکہ مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 849 ہے، اب تک 2 لاکھ 80 ہزار 682 کرونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
ملک بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 18 ہزار 17 ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں اب تک 26 لاکھ 21 ہزار 146 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کو وڈ 19 کے کیسز کی تعداد 2 کروڑ 52 لاکھ سے تجاوز کرچکی ہے اور بھارت اس وقت کرونا وائرس کا مرکز بن گیا جہاں ایک روز میں ریکارڈ 78 ہزار 700 سے زائد کیسز کی تصدیق ہوئی۔
نیوزی لینڈ اور جنوبی کوریا جیسے ممالک بھی اب کرونا وائرس کی نئی لہر سے لڑ رہے ہیں جہاں اس سے قبل حالات قابو میں تھے۔