کراچی : ترجمان کے الیکٹرک نور افشاں کا کہنا ہے کہ کراچی کے 95فیصدعلاقوں میں بجلی معمول پر ہے ، حالیہ بارشوں کی وجہ سے غیر متوقع صورتحال کا سامنا رہا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نور افشاں نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کراچی کے 95فیصدعلاقوں میں بجلی معمول پر ہے ، کچھ علاقوں میں نکاسی آب کے باعث مشکلات کا سامنا رہا، 50 فیصد سے زائد سب اسٹیشنز میں پانی داخل ہوا، سب اسٹیشنز سے پانی کی نکاسی کیلئے متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔
نور افشاں کا کہنا تھا کہ جن علاقوں میں بجلی بحال کرنا مشکل تھا وہاں لوگوں کو پیشگی اطلاع دی گئی، سوشل میڈیا کے ذریعے متعلقہ علاقوں کی نشاندہی بھی کر رہے ہیں، جس علاقے میں نکاسی آب کیلئے نالہ ہی نہیں وہاں اقدامات ہورہے ہیں،ترجمان کے الیکٹرک
ترجمان نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں گھروں اور بیسمنٹ کے اندر بھی پانی داخل ہواہے ، کچھ علاقوں میں لوگوں نے خود کہا کہ بجلی نکاسی آب تک بحال نہ کی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے غیر متوقع صورتحال کا سامنا رہا ، سندھ حکومت ، ایم پی ایز اور ایم این ایز سے بھی رابطے ہیں، اطلاع ہے کہ شہری ادارے واٹر پمپ متعلقہ اداروں میں لے جارہے ہیں۔