کویت سٹی: خلیجی ملک کویت نے 60 سال کی عمر والے 68 ہزار غیر ملکی ملازمین کو سبکدوش کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق کویت میں افرادی قوت کے محکمے نے ایسے غیر ملکی ملازمین کا ڈیٹا تیار کرنا شروع کر دیا ہے جو 60 برس یا اس سے زیادہ عمر کے ہیں اور وہ ثانوی اسکول پاس ہیں یا اس سے کم درجے والی ڈگری رکھتے ہیں۔
کویت حکومت کا کہنا ہے کہ 2021 سے ایسے غیر ملکی ملازمین کے نہ تو ورک پرمٹ بنائے جائیں گے نہ ان کے ورک پرمٹ میں توسیع ہوگی اور نہ ہی انہیں نقل کفالہ کی سہولت دی جائے گ، ان سے متعلق تمام کارروائی بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کویتی عہدیدار نے بتایا کہ ملک میں 60 سال یا اس سے زیادہ عمر والے غیر ملکی ملازمین کی مجموعی تعداد 68 ہزار 318 ریکارڈ کی گئی ہے، یہ ایسے کارکن ہیں جو یا تو ثانوی پاس ہیں یا اس سے کم درجے کا سرٹیفکیٹ رکھتے ہیں۔
محکمہ افرادی قوت کے عہدیدار کے مطابق وہ غیر ملکی کارکن جن کی عمر 59 برس ہوچکی ہے یا وہ فی الوقت 60 سال کے ہیں ان کی مدت ملازمت میں ایک برس تک کی توسیع ہوسکتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یکم جنوری 2021 سے 60 سال یا اس سے زیادہ عمر والے کسی بھی غیر ملکی کی مدت ملازمت میں توسیع نہیں ہوگی، ایسے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ 2021 کے آخر تک ملک چھوڑنا ہوگا۔