جمعہ, جولائی 4, 2025
اشتہار

حب ندی کا پُل خطرناک ہوگیا، کسی بھی بڑے حادثے کا خدشہ

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : شہر قائد میں بارشوں کے بعد حب ندی کا پل اپنا بوجھ اٹھانے سے قاصر نظر آرہا ہے، پل کے پلرز کو سپورٹ کرنے والی چار دیواری انتہائی خستہ حال ہو گئی جو کسی بھی بڑے حادثے کا سب بن سکتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اندورن سندھ اور کراچی میں ہونے والی حالیہ طوفانی بارشوں کے بعد حب ندی پر تعمیر کیا گیا پل خطرناک صورت اختیار کرگیا، پل کے پلرز کی سپورٹ کی دیواریں گر گئیں جس سے پل کے کمزور ہوکر گرجانے کا خدشہ ہے۔

حب چوکی کے قریب حب ندی پہ بنائے جانے والے پل کے پلرز حالیہ بارشوں میں متاثر ہوئے ہیں، پل کے پلرز کی سپورٹ کے لئے بنائے جانے والی چاروں اطراف کی دیوار بارشوں کے باعث گرگئی ہے جس سے پل کے پلرز کمزور ہونے کا خدشہ ہے۔

حب ندی کے 3 پلرز کی سپورٹ کی دیواریں گر گئی ہیں جبکہ دیگر کی حالت مخدوش ہے، حب ندی کے پلرز کی تشویشناک حالت سے متعلق شہری نے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئر بھی کی ہے۔

حالیہ بارشوں اور سیلاب نے بلوچستان اور کراچی کو ملانے والے حب پل کے ستونوں اور بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے ، تصویر میں واضح نظر آرہا ہے کہ پل کو سنبھالنے والے بڑے بڑے ستون اپنی جگہ چھوڑ چکے ہیں اور بنیادیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور اس پر سے بھاری گاڑیاں گزرنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے جو کسی بڑے المیہ کا شاخسانہ بن سکتے ہیں لیکن انتظامیہ کو کچھ دکھائی نہیں دیتا۔

بلوچستان اور کراچی کو ملانے والا حب پل انتہائی مخدوش حالت میں ہے مگر کوئی پل کی حالت ٹھیک کرنے کو تیار نہیں، ہر ادارہ ذمہ داری ایک دوسرے پرڈال رہاہے۔

اس حوالے سے ترجمان بلوچستان حکومت لیاقت شاہوانی کا کہنا ہے کہ پل کی دیکھ بھال کی ذمہ داری این ایچ اے کی ہے، این ایچ اے کو خط لکھا ہے لیکن ان کا کہناہے کہ پل کو کوئی خطرہ نہیں۔

یاد رہے کہ حب ندی کے اوپر تعمیر کیا گیا یہ پل حب اور کراچی کے درمیان ہیوی ٹریفک اور پبلک ٹرانسپورٹ گزارنے کیلیے استعمال کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ کراچی میں طوفانی بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح بھی بلند ہونا شروع ہوگئی، پانی جلد ہی ڈیم کی گنجائش سے زیادہ بھر جائے گا۔

موسلا دھار بارشوں کے بعد حب ڈیم میں پانی کی سطح 334 فٹ تک پہنچ گئی، حب ڈیم میں پانی کے ذخیرے کی گنجائش 339 فٹ ہے۔

ایکسین اری گیشن جبار زہری کا کہنا ہے کہ 339 فٹ کے بعد ڈیم کے اسپل وے کھولے جائیں گے، اسپل وے کھول کر حب ندی میں پانی کا اخراج کیا جائے گا۔

 

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں