ریاض: سعودی عرب میں چنے کی بوریوں میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
اسمگلرز نے سعودی عرب میں نشہ آور اشیاء کی اسمگلنگ کا نیا طریقہ اختیار کیا مگر متحرک اور مستعد فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے منشیات کے سودا گروں کے تمام عزائم کو ناکام بنا دیا۔
محکمہ انسداد منشیات نے چنے کی بوریوں میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے اس گھناؤنے فعل میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان محکمہ انسداد منشیات کے مطابق نشہ آور گولیاں چنے کی بوریوں میں چھپا کر اسمگل کی جارہی تھیں کہ بروقت کارروائی کرکے منشیات ضبط کر لی گئی۔
ترجمان نے بتایا کہ چنے کی بوریوں سے 16 ملین سے زائد نشہ آور گولیاں برآمد کی گئی ہیں اور دو غیرملکیوں کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں ایک بھارتی اور ایک یمن شہری ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مملکت میں اپنی نوعیت کی یہ پہلی اسمگلنگ ہے جس میں چنے کی بوریوں میں نشہ آور گولیاں چھپائی گئیں، اسمگلرز نے یہ نیا طریقہ اختیار کیا مگر وہ فورس کی آنکھوں میں دھول نہیں جھونک سکے۔