کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم کم از کم سندھ حکومت کے 800 ارب کے برابر گرانٹ کا اعلان کرتے، وزیر اعظم کو فیصلے پر دوبارہ غور کرنا چاہیے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے پیپلز پارٹی سینٹرل پنجاب کے جنرل سیکریٹری چوہدری منظور کو فون کیا، انھوں نے ہدایت کی کہ پیپلز پارٹی کے عہدے دار اور کارکن سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ پنجاب سمیت ملک بھر میں امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا جائے، 2010 اور 2011 کے سیلاب زدگان کی وطن کارڈ سے مدد کی گئی تھی، وفاق بھی اسی طرز پر سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کرے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کراچی کے عوام توقع کر رہے تھے کہ وزیر اعظم بڑے پیکج کا اعلان کریں گے، وفاق سندھ حکومت کے برابر گرانٹ دے تاکہ کراچی کے مسائل کا خاتمہ ہو۔
خیال رہے کہ آج چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں ضلع وسطی و غربی میں بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر لوگوں سے خطاب میں انھوں نے کہا عوام ساتھ دیں تو وفاق سے این ایف سی چھین کر رہیں گے، سندھ کے عوام کا پیسہ سندھ حکومت کو دیا جائے۔ بلاول نے سپریم کورٹ جانے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا سپریم کورٹ سے سندھ کے عوام کا پیسہ صوبائی حکومت کو دینے کی درخواست کریں گے۔
کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے لیے 1 ہزار 113 ارب روپے کی تفصیلات؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی دورے کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت 1113 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا تھا، جس میں شہر میں واٹر سپلائی کے منصوبوں کے لیے 92 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، سیوریج ٹریٹمنٹ کے لیے 141 ارب روپے، سولِڈ ویسٹ منیجمنٹ اور نکاسئ آب کے لیے 267 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
کراچی پیکج میں سڑکوں کی بحالی اور نئی سڑکوں کی تعمیر پر 41 ارب روپے خرچ کیے جائیں گے، جب کہ کراچی میں ماس ٹرانزٹ، ریل اور روڈ ٹرانسپورٹ کے لیے 572 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔