لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے نئے انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انعام غنی کو امن و امان مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے پنجاب کے نئے آئی جی انعام غنی کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں وزیراعلیٰ نے نئے انسپکٹر جنرل پولیس انعام غنی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے انعام غنی کو امن و امان مزید بہتر بنانے کی ہدایات دیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ عوام کوبہت توقعات ہیں،پولیس کومکمل غیرجانبداربناناہے، جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کریں،دباؤ قبول نہ کیاجائے۔
عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ میرٹ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں اور غلط کام کےلئے کسی کا دباؤ خاطر میں نہ لائیں، تھانوں میں عام آدمی کی دادرسی کیلئے فعال انداز میں کام کرنا ہے۔
انھوں نے مزید کہا پولیس کو قیام امن کیلئے عوام کی توقعات پر ہر صورت پورا اترنا ہوگا، امید ہے آپ نئے پاکستان میں نئی پولیس کو پروان چڑھائیں گے۔
آئی جی پنجاب انعام غنی کا کہنا تھا کہ پولیس نظام میں بہتری کیلئے اقدام اٹھائیں گے، ہر کام میرٹ،انصاف کے تقاضوں کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا۔
گذشتہ روز سابق آئی جی پنجاب شعیب دستگیر کی سبکدوشی کے بعد وفاقی حکومت نے انعام غنی کو صوبے کی پولیس کا نیا سربراہ تعینات کردیا تھا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دوسال کے دوران پنجاب میں 5آئی جیز تبدیل کیے جاچکے ہیں، جس کے مطابق کلیم امام سال 2018ء میں تین ماہ کے لیے آئی جی پنجاب رہ چکے ہیں۔
امجد سلیمی 6 ماہ تک آئی جی پنجاب رہے، گزشتہ کئی روز سے آئی جی پنجاب اور سی سی پی او لاہور کے درمیان شدید اختلافات پائے جا رہے تھے۔