کراچی: صوبہ سندھ کے سیکریٹری بلدیات نجم شاہ نے میونسپل کمشنرز کو ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے افسران بھی اپنا قبلہ درست کرلیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے سیکریٹری بلدیات نجم احمد شاہ نے میونسپل کمشنرز کو ہنگامی صفائی مہم کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہر یونین کونسل کی حدود میں مچھر اور مکھی مار اسپرے کیا جائے۔
سیکریٹری بلدیات نے کہا ہے کہ تمام اضلاع میں صفائی کی صورتحال کا خود معائنہ کروں گا، سالڈ ویسٹ کا محکمہ کچرا بروقت ٹھکانے لگائے، کسی بھی گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن پر ناقص انتظامات نظر نہ آئیں۔
انہوں نے کہا کہ واٹر اینڈ سیورج بورڈ بھی اپنی کارکردگی بہتر بنائے، شہریوں کی شکایات پر فوری ردعمل فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں بلدیاتی ملازمین کرونا وائرس کی حفاظتی ایس او پیز کی پیروی بھی یقینی بنائیں۔
سیکریٹری بلدیات نے سخت ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کے راشی افسران اپنا قبلہ درست کرلیں، ناجائز تعمیرات کے سرپرستوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، کرپشن اور اقربا پروری کسی صورت قابل قبول نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر بلدیات سندھ کو سفارشات کے ساتھ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی رپورٹ پیش کروں گا۔
خیال رہے کہ نئے سیکریٹری بلدیات نے چارج سنبھالتے ہی متعدد بلدیاتی افسران کو معطل بھی کردیا تھا۔
سیکریٹری بلدیات نے 3 بلدیاتی افسران کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے احکامات نہ ماننے پر معطل کیا تھا جو پی اے سی اجلاس میں آڈٹ اعتراضات کے جواب نہیں دے رہے تھے۔
علاوہ ازیں ڈسٹرکٹ کورنگی کے بھی 4 افسران کو کرپشن کے الزام میں معطل کردیا گیا، افسران پر غیر قانونی بھرتیوں، فنڈز میں خرد برد اور غلط بلنگ کے الزامات ہیں۔