اسلام آباد: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارتی سینئرسفارت کار کو دفترخارجہ طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ ایل او سی پر بلااشتعال فائرنگ پر بھارتی سینئرسفارت کار کو دفترخارجہ طلب کیا گیا، اس موقع پر پاکستان نے اپنا شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
ترجمان کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے شہری آبادی کو نشانہ بنایاگیا، بھارتی فائرنگ کے نتیجے میں 10سالہ بچی شہید ہوئی، بھارت اس سال2ہزار225مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کرچکا ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی فوج کی ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزیاں بدستور جاری ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ تتہ پانی اور رکھ چکری سیکٹرز پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا گیا، خودکار بھاری ہتھیاروں سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی، بھارتی اشتعال انگیزی سے 11سالہ بچی شہید جبکہ 4 شہری زخمی ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید زخمیوں میں 75 سالہ خاتون اور 2 بچے شامل ہیں، پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی، بھارتی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا۔