حیدرآباد: چلتی ریل گاڑیوں میں بھی وارداتیں ہونے لگیں، ایک چور نے آج ریل میں ایک مسافر کا موبائل فون چرایا اور چلتی ریل سے کود گیا، تاہم گرفتار ہونے سے نہ بچ سکا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد نے ایک کارروائی میں چلتی ٹرین سے موبائل فون چوری کرنے والے ایک شخص قاسم عرف قاسو ولد منظور کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم حیدرآباد میں چلتی ٹرین سے چوری کے بعد اتر کر بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حیدرآباد ریلوے اسٹیشن پلیٹ فارم نمبر 2 پر شالیمار ایکسپریس آ کر رکی تھی، اپنے مقررہ اسٹاپ کے بعد جب وہ روانہ ہو گئی تو اس دوران ایک لڑکا چلتی ٹرین سے کود کر تیز تیز قدموں سے حالی روڈ کالونی کی طرف جانے لگا۔
رپورٹ کے مطابق ریلوے اسٹیشن پر جرائم کی روک تھام کے سلسلے میں اس وقت تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد کے ایس ایچ او خالد محمود صائم اہل کاروں کے ساتھ موجود تھے۔
چلتی ٹرین سے اترنے والے لڑکے پر پولیس اہل کاروں کو شک گزرا تو انھوں نے اسے روک لیا، ریل سے اترنے کی وجہ دریافت کی گئی تو وہ پریشان ہو گیا اور ٹال مٹول کرنے لگا، جس پر اہل کاروں نے اس کی جامہ تلاشی لی۔
پولیس کے مطابق لڑکے کی قمیض کی جیب سے ایک موبائل فون ٹچ اسکرین انفینکس اسمارٹ بلیک کلر برآمد ہوا، لڑکے سے موبائل فون کے بارے میں پوچھا گیا تو اس نے ادھر کی ادھر کی باتوں کے بعد آخر کار تسلیم کر لیا کہ اس نے ایک بوگی سے چوری کیا ہے۔
پولیس نے ملزم قاسم کو اس کا جرم قابل دست اندازی پولیس زیر دفعہ 379 ت پ کے مطابق گرفتار کیا اور ملزم کے خلاف تھانہ ریلوے پولیس حیدرآباد میں مقدمہ نمبر 28/2020 درج کر لیا۔