کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں 4 سالہ معصوم بچے کو گلا دبا کر قتل کردیا گیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ میں گھریلو ملازمہ نے 4 سالہ معصوم بچے سعد شاہ کو گلا دبا کر قتل کردیا، پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزمہ کی تلاش شروع کردی۔
کمسن بچے کے والد نے ملازمہ کے خلاف مقدمہ درج کرواکے موقف اختیار کیا ہے کہ بچے نے ملازمہ کو چوری کرتے ہوئے دیکھ لیا تھا، ملازمہ نے زیورات چوری کی کوشش میں پہلے بچے کا گلا دبایا پھر پانی کے ٹب میں ڈبو کر قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق کوئٹہ میں لہری گیٹ کے رہائشی سید راجا شاہ کے چار سالہ بچے کو گلا دبا کر قتل کرنے کا لرزہ خیز واقعہ دوپہر کے وقت پیش آیا۔
اہلخانہ کے مطابق ملازمہ تھیلا لے کر فرار ہورہی تھی جس پر بچے کے ماموں نے اس کا تعاقب کیا تو ملازمہ تھیلا چھوڑ کر فرار ہوگئی، تھیلے میں زیورات موجود تھے۔
بچے کے ماموں گھر پہنچے تو بچے کی لاش پڑی تھی، ماموں نے بچے کی لاش اسپتال منتقل کی جہاں بچے کے گلے پر انگلیوں کے نشانات کی تصدیق ہوئی۔
پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ملزمہ کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد کیس میں اہم پیش رفت ہوسکتی ہے۔
بچے کے لرزہ خیز قتل کے بعد گلشن رحمان ہاؤسنگ سوسائٹی کے رہائشیوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے جبکہ بچے کی تدفین آبائی گاؤں میں کردی گئی۔