ریاض: سعودی عرب میں یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت داخلہ نے یکم جنوری 2021 سے سفری پابندیاں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، کورونا وائرس کے باعث مملکت میں سفری پابندیاں لگائی گئی تھیں۔
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یکم جنوری 2021 سے ایئر پورٹس، بندرگاہیں اور سرحدی چوکیاں کھول دی جائیں گی۔سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق وزارت داخلہ نے بیان میں کہا ہے کہ سعودی شہری بیرون مملکت آجا سکیں گے۔
سعودی وزارت داخلہ کے حکام کا کہنا ہے کہ خروج وعودہ یا اقامے یا ویزے والے غیر ملکیوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی۔
مرحلہ وار فلائٹ کھولنے کا اعلان
دوسری جانب سعودی عرب نے مرحلہ وار فلائٹ کھولنے کا اعلان کردیا، جس کے مطابق جو افراد مستقل نوکریوں پر ہیں وہ کل سے سعودی عرب میں داخل ہوسکتے ہیں۔
علاوہ ازیں غیرملکیوں کو 15 ستمبر سے سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ہوگی، کل سے کھیلوں اور بزنس ویزا رکھنے والے افراد پر سے بین الاقوامی سفری پابندیوں کو ختم کیا جارہا ہے جبکہ ہر طرح کی بین الاقوامی پابندیوں کو یکم جنوری 2021 سے اٹھا لیا جائے گا۔
کورونا کیسز میں کمی
واضح رہے کہ سعودی عرب میں کورونا وائرس کے نئے کیسز میں مسلسل ریکارڈ کمی ہورہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 700 سے کم نئے مریض سامنے آئے، 90 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
وزارت صحت کا کہنا ہے کہ گذشتہ روز کورونا سے 28 افراد ہلاک ہوئے، اموات کی مجموعی تعداد چار ہزار 240 ہو چکی ہے۔
مملکت میں اس وقت ایکٹیو کیسز کی تعداد 18 ہزار 513 ہے جن میں سے ایک ہزار 326 مریض انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیرعلاج ہیں، ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کے کیسز میں کمی کے حوالے سے اب تک تمام اشارے حوصلہ افزا ہیں۔