کراچی : سندھ حکومت نے سینئر سٹیزن کو علاج معالجے کیلئے آزادی کارڈ دینے کا فیصلہ کرلیا، آزادی کارڈ بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں نجی اسپتالوں میں سینئرسٹیزن کو علاج میں 25 فیصد رعایت نہ دینے پر درخواست ہوئی ، محکمہ سوشل ویلفیئر سندھ کی جانب سے عدالت میں جواب جمع کرایا گیا۔
جس میں بتایا گیا کہ سینئرسٹیزن کیلئے آزادی کارڈ بنا رہے ہیں، آزادی کارڈ بنانے کا کام آخری مراحل میں ہے، محکمے نے نادرا سمیت دیگرحکام سے بھی اجلاس کیے ہیں۔
بیرسٹر یحییٰ اقبال نے کہا سینئرسٹیزن کو شناختی کارڈپر بھی علاج میں رعایت دی جا سکتی ہے ، شناختی کارڈمیں شہری کی عمرواضح لکھی ہوئی ہے، نجی اسپتال سینئرسٹیزن کوعلاج میں25 فیصد رعایت دینے کے پابند ہیں۔
نجی اسپتال کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آزادی کارڈ کے بغیر کسی کورعایت نہیں دے سکتے، جس پر وکیل نے کہا آزادی کارڈ جس کے پاس ہوگا ان کو قانون کے مطابق رعایت دی جائے گی۔
بعد ازاں سندھ ہائی کورٹ نے سینئرسٹیزن کو علاج میں 25فیصد رعایت نہ دینے پر درخواست پر سماعت 21 اکتوبر تک ملتوی کردی۔