لاہور : انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے کیپٹن صفدر اور رانا ثناءاللہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی، ملزمان کے وکلا کا کہنا ہے کہ نیب آفس پرحملے،اور ہنگامہ آرائی کاالزام میں بےبنیاد ہے۔
تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت میں نیب آفس میں ن لیگ کی رہنما مریم نواز کی پیشی کے موقع پر ہونے والی ہنگامہ آرائی کے مقدمے سے متعلق درخواست کی سماعت کی گئی۔
اے ٹی سی میں کیپٹن صفدر اور رانا ثنااللہ کی عبوری درخواست ضمانت پر عدالت نے دونوں ملزمان کی عبوری درخواست ضمانت میں22ستمبرتک توسیع کردی۔
اس موقع پر کیپٹن صفدر عدالت میں حاضری کیلئے پیش ہوئےجبکہ رانا ثنااللہ قومی اسمبلی کے سیشن میں ہونے کی بنا پر پیش نہ ہوسکے، رانا ثنااللہ کی عدم حاضری سے معافی کی درخواست عدالت میں جمع کرائی گئی۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ رانا ثناءاللہ قومی اسمبلی کےاجلاس میں شرکت کی بنا پر عدالت کے روبرو پیش نہ ہوسکے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت رانا ثناءاللہ کی حاضری سے معافی کی درخواست منظور کرے۔
سماعت کے موقع پر تفتیشی افسر کا کہنا تھا کہ ملزمان پولیس پر پتھراؤ کرانے اور ہنگامہ آرائی میں ملوث ہیں،ملزمان کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ نیب آفس پر حملے اور ہنگامہ آرائی کا الزام میں بے بنیاد ہے۔