کراچی: سندھ میں تعلیمی ادارے کھلنے کے دوسرے روز صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے مختلف اسکولز اور کالجز کا دورہ کیا، سعید غنی نے تعلیمی اداروں میں ایس او پیز کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں جبکہ طلبا سے بھی سوال و جواب کیے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ میں تعلیمی ادارے کھلنے کے دوسرے روز بھی صوبائی وزیر تعلیم سعید غنی نے مختلف اداروں کا دورہ کیا، سعید غنی پہلے کورنگی کے مختلف اسکولز اچانک پہنچے۔
سعید غنی نے اسکولز میں ایس او پیز کے حوالے سے تفصیلات طلب کیں۔
وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کورنگی کے مختلف سرکاری اور نجی اسکولوں کے اچانک دورے پر پہنچ گئے.
صوبائی وزیر نے کورنگی لکھنو سوسائٹی میں قائم ناصرہ اسکول کورنگی کیمپس دورہ کیا.
صوبائی وزیر نے اسکول میں داخلہ کے وقت تھرمل گن، سینیٹائزر اور دیگر ایس او پیز کے حوالے سے تفصیلات طلب کی.. pic.twitter.com/rdwSsZaKsV
— Minister Education & Labour Sindh (@MinisterSindh) September 16, 2020
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ نجی اسکولز کی جانب سے اقدامات بہتر ہیں انہیں مستقل رکھا جائے، کوشش کی جائے کہ بغیر ماسک کوئی طالبعلم یا استاد اسکول کے اندر داخل نہ ہو۔
سعید غنی نے طلبا سے ایس او پیز کے حوالے سے سوال و جواب بھی کیے۔
بعد ازاں سعید غنی کورنگی ڈھائی نمبر میں گورنمنٹ ڈگری بوائز کالج پہنچے، صوبائی وزیر نے کالج میں صفائی کی خراب صورتحال پر عملے کی سرزنش کی۔
انہوں نے سیکریٹری کالجز باقر نقوی کو فوری طور پر کالج کا دورہ کرنے کی ہدایت کی۔
اس کے بعد سعید غنی نے کورنگی ڈھائی نمبر پر ہی گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کا بھی دورہ کیا، صوبائی وزیر نے کالج میں تدریسی عمل کا جائزہ لیا اور طالبات سے ایس او پیز پر معلومات حاصل کیں۔