ہفتہ, جولائی 5, 2025
اشتہار

بلین ٹری منصوبہ کر کے دکھایا، اب 10 ارب درخت لگا کر دکھائیں گے: ملک امین اسلم

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم کا کہنا ہے کہ ہم نے دنیا کو بلین ٹری منصوبہ کر کے دکھایا، اب 10 ارب درخت لگا کر دکھائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق اوزون ڈے پر منعقدہ تقریب سے وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے خطاب کیا۔

ملک امین کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے لیے پاکستان کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان کا شمار موسمیاتی تبدیلی سے متاثرہ ممالک میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا اوزون میں ہونے والا شگاف کم کرنے کے لیے اکٹھی ہوئی، آج یہ شگاف نہایت کم ہو چکا ہے۔ ہمارے اہداف 35 فیصد تھے جبکہ ہم 50 فیصد تک ہدف حاصل کر چکے ہیں۔

ملک امین اسلم کا کہنا تھا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا آٹھواں بڑا ملک ہے، ہم نے دنیا کو بلین ٹری منصوبہ کر کے دکھایا، اب 10 ارب درخت لگانے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سی پیک کے تحت پن بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں، گزشتہ حکومت میں اسلام آباد کے گرین ایریا اراضی پر جیل بن رہی تھی۔ وزیر اعظم نے منصوبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو گرین ایریا رہنے دیں۔

ملک امین اسلم کا مزید کہنا تھا کہ لاہور کے قریب بلوکی میں محکمہ جنگلات کی زمین پر قبضہ ختم کروا دیا ہے۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں آج کرہ ارض کو سورج کی تابکار شعاعوں سے بچانے والی اوزون تہہ کی حفاظت کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔ یہ تہہ سورج کی خطرناک شعاعوں کو براہ راست زمین پر آنے سے روکے ہوئے ہے۔

اوزون آکسیجن کی وہ شفاف تہہ ہے جو سورج کی خطرناک تابکار شعاعوں کو نہ صرف زمین کی طرف آنے سے روکتی ہے بلکہ زمین پر اس کے نقصان دہ اثرات کا خاتمہ بھی کرتی ہے۔ اوزون کی تہہ کا 90 فیصد حصہ زمین کی سطح سے 15 تا 55 کلومیٹر اوپر بالائی فضا میں پایا جاتا ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں