اشتہار

سپر اسٹارز جنھوں‌ نے پاکستانی فلموں‌ میں‌ ڈبل کردار نبھائے

اشتہار

حیرت انگیز

پاکستانی فلموں کے سپراسٹارز اور مشہور فن کاروں‌ نے ڈبل رول ہی نہیں‌‌ بیک وقت تین اور چار کردار بھی نبھائے اور فلم بینوں‌ نے انھیں‌ بے حد سراہا۔ ان میں اداکار اور اداکارائیں‌ دونو‌ں ہی شامل ہیں، لیکن یہاں‌ ہم صرف اُن چند اداکاروں کا تذکرہ کررہے ہیں‌ جو مختلف فلموں میں ڈبل رول ادا کر کے شائقین کی توجہ حاصل کرنے میں‌ کام یاب رہے۔

محمد علی کو پاکستانی فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار کا درجہ حاصل ہے۔ اپنے وقت کے اس اداکار نے کئی فلموں‌ میں‌ یادگار کردار نبھائے اور خوب شہرت حاصل کی۔ محمد علی نے فلم’’راجا جانی، آنسو بن گئے موتی‘‘ اور ’’میرا گھر میری جنت‘‘ نامی جیسی کام یاب فلموں میں‌ ڈبل کردار نبھائے اور ہر روپ میں‌ انھوں‌ نے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کیا۔

- Advertisement -

پاکستانی فلم انڈسٹری کے ایک اور سپراسٹار ندیم ہیں جنھوں نے پانچ دہائیوں تک فلمی دنیا پر راج کیا۔ اداکار ندیم نے بھی متعدد فلموں میں ڈبل کردار ادا کیے اور سنیما بینوں‌ سے خوب داد وصول کی۔ فلم ’’ہم دونوں‘‘اور’’ سنگ دل‘‘ میں انھیں‌ ڈبل کردار نبھانے کا موقع ملا تو انھوں‌ نے بھی اسے غنیمت جانا اور کمال پرفارمنس دی۔ ’’جلتے سورج کے نیچے‘‘ وہ فلم تھی جس میں‌ ندیم نے دو نہیں‌ بہ یک وقت تین کردار نبھائے اور فلم بینوں کے دل جیتے۔

چاکلیٹی ہیرو یعنی وحید مراد نے فلم ’’ہل اسٹیشن، مستانہ ماہی اور ناگ منی‘‘ میں ڈبل کردار نبھائے جنھیں‌ شائقین نے بے حد پسند کیا۔

بات ہو بھولی بھالی صورت والے اداکار کمال کی تو جہاں فلم انڈسٹری ان کے فنِ اداکاری کی معترف ہے، وہیں پاکستانی سنیما انھیں‌ ایک ہدایت کار اور فلم ساز کے طور پر بھی یاد رکھے گا۔ سید کمال نے ’ہم دونوں‘‘ اور ’’گھر داماد‘‘ میں ڈبل کردار ادا کیے تھے۔

مشہور اداکار شاہد نے دو یا تین نہیں‌ بیک وقت چار روپ دھارے اور شائقین کو اپنی اداکاری سے محظوظ کیا۔ اس فلم کا نام ’’بہت خُوب‘‘ تھا جس میں‌ انھیں چار مختلف کردار نبھانے کا موقع ملا تھا۔

پاکستانی فلمی صنعت میں مصطفیٰ قریشی اپنے مخصوص انداز اور مکالموں کی ادائیگی کی وجہ سے پہچانے جاتے ہیں۔ انھوں‌ نے ’’جیوا‘‘ اور ’’بارود کی چھاؤں‘‘ نامی فلموں‌ میں‌ ڈبل کردار نبھائے تھے۔

پاکستانی فلم انڈسٹری کے مشہور اداکار منور ظریف کو ’’نمک حرام‘‘ میں ڈبل کردار ادا کرنے کا موقع ملا۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں