جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

کراچی میں تیز رفتار ٹینکر نے 3 بہن بھائیوں کو روند ڈالا

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد کے علاقے اختر کالونی سگنل کے قریب ٹریفک کے المناک حادثے میں موٹر سائیکل سوار تین بہن بھائی جاں بحق ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس تھانے کی حدود اختر کالونی سگنل کے قریب واٹر ٹینکر کے اناڑی ڈرائیور نے موٹر سائیکل سوار کو روند ڈالا جس کے نتیجے میں 2 بھائی اور ایک بہن موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، حادثے کا ذمہ دار ڈرائیور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں ان کی شناخت 26 سالہ حسین احمد ، 19 سالہ ذیشان احمد ولد پرویز احمد جبکہ بہن کی شناخت 12 سالہ سدرہ کے نام سے ہوئی جو کہ گلشن اقبال مشرق سینٹر کے قریب واقعے واٹر بورڈ کالونی کے رہائشی تھے۔

- Advertisement -

متوفین کے والد پرویز احمد واٹر بورڈ کے ملازم ہیں، حادثے کی اطلاع اہلخانہ کو ملی تو کہرام مچ گیا ، خواتین شدت غم سے نڈھال ہوگئیں جبکہ اہل محلہ اور رشتے داروں کی بڑی تعداد افسوسناک واقعے کی اطلاع ملتے غمزدہ خاندان کے گھر پہنچ گئے اور واقعے پر اپنے شدید غم و غصے کا اظہار کیا۔

مزید پڑھیں: کراچی، ٹینکر کی ٹکر سے 3 بہن بھائی جاں بحق

ورثا نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ شہر میں چلنے والے واٹر ٹینکر ڈرائیوروں کے لائسنس چیک کرائے جائیں اور اس بات کی بھی تصدیق کی جائے کہ ڈرائیور مبینہ طور پر کسی نشے کی لت میں تو مبتلا نہیں ہے جبکہ واٹر ٹینکرز کی فزیکل چیکنگ بھی کرائی جائے کہ وہ سڑک پر چلنے کے قبل ہیں کہ نہیں۔

اطلاعات کے مطابق واٹر ٹینکر کے ڈرائیور نے قیوم آباد کے پی ٹی انٹر چینج فلائی اوور اترتے ہوئے اختر کالونی سگنل جانے والے ٹریک پر موٹر سائیکل کو روندنے سے قبل 2 کاروں کو بھی ٹکر مار کر تباہ کر دیا جس میں ایک کار الٹ بھی گئی جسے موقع پر موجود افراد نے سخت جدوجہد کے بعد سیدھا کیا اور بعدازاں اس میں سوار افراد کار سے باہر نکلے تاہم دونوں کاروں میں سوار افراد معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔

ایس ایچ او ڈیفنس محمد علی نیازی کا کہنا ہے کہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں، حادثے میں جاں بحق ہونے والے بھائیوں اور بہن کی نماز جنازہ آج جمعرات کو واٹر بورڈ کالونی میں ادا کی جائے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں