اسلام آباد : ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے فیس بک انتظامیہ سے ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ کرلیا جبکہ فیس بک ایکسپرٹ ٹیم نے سائبرکرائم کی تحقیقات تیز کرنے پربھی اتفاق کیا۔
تفصیلات کے مطابق فیس بک انتظامیہ اور ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ کا معاہدہ ہوگیا ، ڈائریکٹرسائبرکرائم ونگ،ایڈیشنل ڈائریکٹر نے فیس بک انتظامیہ سے معاہدہ کیا، معاہدے کے تحت فیس بُک انتظامیہ سائبر کرائم ونگ کے ساتھ ڈیٹا شئیر کرے گی۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ فیس بک انتظامیہ نے سائبرکرائم کے خاتمے کیلئے ایف بی آئی پالیسی کے تحت رابطے کی حامی بھر لی جبکہ سائبرکرائم کی تحقیقات تیز کرنے پربھی اتفاق کرلیا۔
یاد رہے رواں سال مارچ میں ایشیا پیسیفک کے فیس بک ہیڈکوارٹزر کی انتظامی ٹیم نے سیفٹی پالیسی کے سربراہ ایمبر ہاکس اور ٹرسٹ اینڈ سیفٹی کے منیجر مائیکل یون کی سربراہی میں ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) واجد ضیا کے دفتر کا دورہ کیا تھا ، ملاقات میں سائبر جرائم کی روک تھام کے لیے تعاون پر گفتگو کی۔
فیس بک کی ٹیم نے اس بات پر بھی اتفاق کیا تھا کہ بچوں اورخواتین کے خلاف جرائم کی تحقیقات کے لئے سائبر کرائم ونگ کا ایک فوکل پرسن مقرر کیا جائے گا جو فیس بک کی ٹیم سے رابطہ کار افسر کے طور پر خدمات سر انجام دے گا۔
اس کے علاوہ ایف آئی اے کی سائبر کرائم ونگ سے رابطہ بڑھانے اور فیس بک کی پالیسی کے مطابق سائبر کرائم کی روک تھام کے لئے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔