موغادیشو : صومالین پولیس نے دوشیزہ سے اجتماعی زیادتی اور قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں 11 افراد کو گرفتار کرلیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ افریقی ملک صومالیہ کے دارالحکومت موغادیشو میں پیش آیا جہاں ایک 19 سالہ لڑکی حمدی محمد فرح کو اجتماعی زیادتی کے بعد چھٹی منزل سے نیچے پھینک کر قتل کر دیا گیا۔
مقتولہ گزشتہ جمعے دوپہر اپنے ایک دوست سے ملاقات کرنے گھر سے نکلی تھی، جہاں دوشیزہ کو دوست سے ملاقات کرنی تھی وہاں ملزمان نے حمدی محمد فرح کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر چھٹی منزل سے نیچے پھینک دیا۔
19 سالہ طالبہ سے اجتماعی زیادتی و قتل کی خبر گھر پہنچی تو کہرام مچ گیا جبکہ قتل و زیادتی کے خلاف ملک بھر میں شدید مظاہرے شروع ہوگئے۔
پولیس نے دوشیزہ سے زیادتی و قتل میں ملوث ہونے کے شبے میں 11 افراد کو گرفتار کیا ہے جبکہ دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے جبکہ ملک بھر میں اب بھی خواتین پر ہونے والے بدترین ظلم و زیادتی کے خلاف شدید مظاہرے جاری ہیں۔