پشاور: ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے صوبہ خیبر پختونخواہ کے 3 سیاحتی علاقوں کے لیے اہم فیصلہ کرلیا گیا، فیصلہ مذکورہ علاقوں کا قدرتی حسن برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ کے سیاحتی مقامات کالام، کمراٹ اور کیلاش کے لیے الگ اتھارٹیز کے قیام کی منظوری دے دی گئی۔
دستاویزات میں کہا گیا ہے کہ اتھارٹیز کے قیام سے ان علاقوں کی سیاحت کو مزید تقویت ملے گی، اتھارٹیز علاقوں کا قدرتی حسن برقرار رکھنے کے لیے کردار ادا کریں گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈائریکٹر جنرل کی سربراہی میں ہر اتھارٹی 11 ارکان پر مشتمل ہوگی، اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کو قوانین کی خلاف ورزی پر کارورائی کا اختیار ہوگا۔
دستاویزات کے مطابق سیل تعمیرات یا عمارت کی خلاف ورزی پر 3 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، بغیراجازت رہائشی اسکیموں سے متعلق 3 سال قید یا 50 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا۔
اسی طرح تجاوزات کے مرتکب افراد کو 3 سال قید یا 20 لاکھ جرمانہ یا پھر دونوں سزائیں ہوں گی۔
خیال رہے کہ ملک میں سیاحت کے فروغ کے لیے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں، سیاحت کو فروغ دینے کے لیے سنہ 2022 تک پاکستان میں 60 نئے سیاحتی مقامات کھولنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کی وجہ سے سیاحت کے شعبے میں نقصان اٹھانا پڑا، سردیوں میں سیاحتی مقامات میں سیاحوں کے لیے سہولیات کو یقینی بنائیں گے۔