تازہ ترین

کیا ’اسمارٹ پنکھا‘ کورونا وائرس کو ہلاک کرسکتا ہے؟

نیویارک: کورونا وائرس کے پیش نظر امریکی کمپنی نے ایسا اسمارٹ پنکھا متعارف کروایا ہے جو کووڈ 19 کا باعث بننے والے وائرس کو مارنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بگ ایس فینز نامی کمپنی نے ہیکو یو وی سی نامی اسمارٹ پنکھا کچھ عرصہ قبل متعارف کروایا تھا جو کمرے میں ہوا کی گردش یقینی بنانے کے ساتھ الٹرا وائلٹ شعاعوں سے ہوا میں موجود جراثیموں کا خاتمہ بھی کرتا ہے۔

ان پنکھوں کی قیمت 1750 ڈالرز (2 لاکھ 91 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) رکھی گئی ہے اور فی الحال دفاتر اور عوامی مقامات کے لیے انہیں تیار کیا جارہا ہے۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ خود مختار لیبارٹریز نے تصدیق کی ہے کہ وہ نقصان دہ جراثیموں بشمول کورونا وائرس اور دیگر کی تعداد کم کرتا ہے۔

مستند لیبارٹریز کی جانب سے کیے جانے والے متعدد ٹیسٹ کے بعد کمپنی نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ پنکھا کورونا وائرس کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق کورونا وائرس کی وبا کے دوران الٹرا وائلٹ شعاعوں پر مبنی ڈیوائسز کے حوالے سے دلچسپی میں اضافہ ہوا ہے تاہم یہ اس وقت خطرناک ثابت ہوسکتا ہے جب درست طریقے سے انہیں استعمال نہ کیا جائے۔

اسمارٹ پنکھا تیار کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ ہر ڈیوائس میں یو وی سی کو ایک تربیت یافتہ ٹیکنیشن نے نصب کیا اور حفاظت کے لیے نارتھ امریکن سیفٹی اسٹینڈرڈ کے مطابق سرٹیفکیٹ حاصل کیا گیا ہے۔

Comments

- Advertisement -