اسلام آباد: آزاد کشمیر کے صدر سردار مسعود خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کا نقشہ تبدیل کردیا اور کشمیر کو اپنے ساتھ شامل کرلیا، کشمیر تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال اگست میں بھارت نے کشمیر پر ایک اور حملہ کیا، بھارت نے کشمیر کو اپنے ساتھ شامل کرلیا۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کا نقشہ تبدیل کردیا، پاکستان نے چین کی مدد سے معاملے کو اٹھایا، کشمیریوں پر ہونے والے مظالم پر آواز بلند کی۔
انہوں نے کہا کہ ایک سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل نے کچھ نہیں کیا، سیکیورٹی کونسل اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کر رہا۔
مسعود خان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کا اجلاس اس بار پھر ہو رہا ہے۔ پاکستان، ترکی اور دیگر ممالک کشمیر کے معاملے کو اٹھائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ایجنڈے میں کشمیر نہیں، ہمیں احمقوں کی جنت میں نہیں رہنا چاہیئے۔ وزیر اعظم گزشتہ سال کی طرح کشمیر پر کھل کر بولیں گے۔ کشمیر تاریخ کے سیاہ ترین دور سے گزر رہا ہے۔