جمعہ, دسمبر 27, 2024
اشتہار

سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز انتقال کرگئے

اشتہار

حیرت انگیز

ممبئی : سابق آسٹریلوی کرکٹر اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز انتقال کرگئے، سابق ٹیسٹ کرکٹر کا انتقال ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس ایل کی مایہ ناز ٹیم کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ دنیا سے رخصت ہوگئے، وہ ان دنوں بھارت مقیم تھے، ان کا انتقال بھارت کے شہر ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے سے ہوا۔

سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈین جونز کی عمر 59سال تھی،  وہ 24مارچ 1961 میں میلبرن میں پیدا ہوئے ،ڈین جونز 1987 کا ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے اہم رکن تھے، ڈین جونز نے اپنے کرکٹ کیریئر میں 52ٹیسٹ اور164ون ڈے میں آسٹریلیا ٹیم کی نمائندگی کی۔

- Advertisement -

کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ ڈین جونز کے انتقال کی خبر ملک بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی، کراچی کنگز کے اوپنر شرجیل خان نے خبر سن کر اپنے گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل خان نے کہا کہ ڈین جونز کے انتقال کا سن کر بہت افسوس ہوا،  ان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملتا تھا، ڈین جونز مجھے جتنا سپورٹ کرتے تھے میں بیان نہیں کرسکتا۔

شرجیل خان نے مزید کہا کہ ڈین جونزسے3،2دن پہلے ہی بات ہوئی تھی، انہوں نے مجھے کھیل کے حوالے سے اچھے مشورے بھی دیئے تھے۔

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد عامر نے کہا کہ ڈین جونز کے ساتھ پہلی بار کام کیا تھا وہ بہت اچھے انسان تھے، ان کے انتقال کی خبر سن کر بہت دھچکا لگا، ڈین جونز سے رابطہ رہتا تھا،ان کے ساتھ کمیونی کیشن بہت اچھا تھا۔

اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی صحافی چندریش نارائن کا کہنا تھا کہ ڈین جونز زندہ دل انسان تھے ان کو اچانک دل کا دورہ پڑا اور وہ انتقال کر گئے، کمنٹری کے سلسلے میں ڈین جونز ان دنوں ممبئی میں رہائش پذیر تھے جبکہ ڈین جونز کی فیملی آسٹریلیا میں ہے۔

ڈین جونز کا شمار 1980 اور 1990 کی دہائی میں بہترین آسٹریلین بلے بازوں میں ہوتا تھا، کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد وہ کرکٹ مصبر اور کوچ کی حیثیت سے کھیل سے وابستہ تھے، پاکستان سپر لیگ میں انہوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ کے طور پر بھی ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔

ڈین جونز ایک سادہ لوح انسان تھے اور کبھی کوئی چھوٹا کام کرنے میں بھی خود کو بڑی شخصیت نہیں سمجھا، اس کی ایک زندہ مثال پی ایس ایل کے دوران کے نیشنل اسٹیڈیم میں دیکھی گئی، جہاں کھیلے جانے والے میچ میں کامیابی کے بعد ہیڈ کوچ ڈین جونزنے ڈگ آؤٹ میں موجود کچرا ڈسٹ بین میں اٹھا کر ڈالا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے بھی ڈین جونز کے انتقال پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کا کہنا ہے کہ ابھی افسوسناک خبر ملی کہ دل کا دورہ پڑنے سے ان کا انتقال ہوگیا، وہ انتہائی شریف اور ملنسار انسان تھے۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں