نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی سفیر منیر اکرم کا کہنا ہے کہ مفادات کی وجہ سے کئی ممالک کے مسئلہ کشمیر پر منہ بند ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم اقوام متحدہ سے اہم خطاب کرنے جا رہے ہیں۔
منیر اکرم نے کہا کہ وزیر اعظم کشمیرسمیت تمام معاملات پر کھلی بات چیت کریں گے،پاکستانی وقت کے مطابق وزیراعظم رات 9 بجکر 45 منٹ پر خطاب کریں گے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی ساکھ سے متعلق صحیح سوالات اٹھائے،ہمیں کئی معاملات پر اپنی واضح پوزیشن لیناضروری تھی،اقوام متحدہ کو سپورٹ کرنا ہوگا،چھوڑ نہیں سکتے۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب نے کہا کہ دنیا کا ہر ملک مسئلہ کشمیر کی حقیقت سے آگاہ ہے،مفادات کی وجہ سے کئی ممالک کے مسئلہ کشمیر پر منہ بند ہیں،مسئلہ کشمیر پر چپ رہنے والے ممالک کو شرمندہ کریں گے۔
منیر اکرم کا کہنا تھا کہ یو این سیکریٹری جنرل کا 8 اگست کا بیان بڑا واضح ہے، اقوام متحدہ قراردادوں پر عملدرآمد کی پوزیشن سے پیچھے نہیں ہوئی،سیکریٹری جنرل کے پاس فوج نہیں،نہ ہی سلامتی کونسل کی طاقت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت چھوٹے ممبر ممالک کو مسئلہ کشمیر پر مسلسل دھمکا رہا ہے،اقوام متحدہ کو کشمیر میں تحقیقاتی ٹیم بھجوانی چاہیے۔
پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمشنر نے کشمیر پر 2 رپورٹس جاری کیں،انسانی حقوق کی کمشنر نے کشمیر پر انکوائری کمیٹی بنانی کی تجویز دی۔انہوں نے بتایا کہ بھارت میں انسانی حقوق کی پامالی پر 18ممالک کا اعلامیہ جاری ہوا۔
اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب منیر اکرم نے اے آروائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک صدر کا مسئلہ کشمیر پر بیان حوصلہ افزا ہے۔