کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے منوڑہ بیچ سنسان ہوگئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے منوڑہ بیچ روڈ کا افتتاح کر دیا، 456 ملین روپےکی لاگت سے روڈ کی تعمیر کی گئی ہے۔
مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روڈ کی وجہ سے سینڈز پٹ پر آنے والوں کو سہولت فراہم ہوگی، اس سے ملحقہ سڑکیں بھی جلد تعمیر کی جائیں گی، سیاحوں کے لیے 200گاڑیوں کی پارکنگ بھی تعمیرکی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ منوڑہ ایک مشہور پکنک پوائنٹ ہے، سہولتیں نہ ہونےکی وجہ سے منوڑہ بیچ سنسان ہوگئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کراچی کی تعمیروترقی کے لیے کام کر رہی ہے،ہم جلد دیگر سڑکوں کی تعمیر بھی ہنگامی بنیادوں پر کر رہے ہیں، جس روڈ کی تعمیر کی گئی ہے وہ ایک مشکل اسکیم تھی۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سمندر کو آگے آنے سے روکنے کے لیے دیوار بنائی گئی ہے،یہ مشکل اسکیم تھی اور تمام مسائل ختم کر کے اسے مکمل کیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ ضلع کیماڑی کو ایک ماڈل ڈسٹرکٹ بنائیں گے۔