بدھ, فروری 12, 2025
اشتہار

کراچی طیارہ حادثہ: معجزانہ بچ جانے والے مسافر کا پھر پی آئی اے سے سفر

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: پی آئی اے طیارہ حادثے میں معجزانہ طور پر زندہ بچ جانے والے مسافر نے قومی ایئر لائن پر اعتماد کا اظہار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق 22 مئی 2020 کو لاہور سے کراچی آنے والے پی آئی اے طیارے کو حادثہ پیش آیا تھا جس میں 97 مسافر جاں بحق ہو گئے اور 2 معجزانہ طور پر بچ گئے تھے، ان میں سے ایک مسافر پنجاب بینک کے صدر ظفر مسعود بھی تھے جو آج پی آئی اے ہی کی پرواز پی کے 304 کے ذریعے لاہور روانہ ہو گئے۔

طیارہ حادثے میں زخمی ہونے کی وجہ سے ظفر مسعود کراچی میں زیر علاج تھے، اور اب صحت یاب ہو کر لاہور روانہ ہوئے، طیارہ حادثے کے بعد یہ ان کا پہلا فضائی سفر ہے۔

کراچی طیارہ حادثہ

ظفر مسعود نے اپنا علاج مکمل کرنے کے 4 ماہ بعد ایک بار پھر فضائی سفر کے لیے قومی پرچم بردار ایئر لائن کو ترجیح دے دی، کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے اسٹیشن منیجر احمد عالم اور عملے نے انھیں خوش آمدید کہا۔

ظفر مسعود جیسے ہی طیارے پر پہنچے تو فضائی میزبانوں نے ان کا زبردست استقبال کیا، لاہور ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے سی ای او ارشد ملک ظفر مسعود کا استقبال کریں گے۔

یاد رہے کہ 22 مئی کو لاہور سے کراچی آنے والا پی آئی اے کا طیارہ ایئر پورٹ کے قریب واقع ماڈل کالونی جناح گارڈن کی رہائشی آبادی پر گر کر تباہ ہو گیا تھا جس کے نتیجے میں 97 مسافر جاں بحق جب کہ 2 مسافر معجزانہ طور پر بچ گئے تھے۔ حادثے میں مقامی لوگوں کی ہلاکتیں بھی ہوئیں جب کہ 5 گھر مکمل تباہ ہوئے۔

اہم ترین

محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین
محمد صلاح الدین اے آروائی نیوز سے وابستہ سینئر صحافی ہیں اور ایوی ایشن سے متعلقہ امور کی رپورٹنگ میں مہارت رکھتے ہیں

مزید خبریں