لاہور: پنجاب کے شہر شیخوپورہ سے منتخب ہونے والے ن لیگی ایم پی اے جلیل شرق پوری نے نواز شریف کا بیانیہ مسترد کردیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ن لیگی ایم پی اے جلیل شرق پوری نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کی تقریر ملک کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے۔
ن لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا کہ پارٹی میں بڑی تعداد میں رہنما نواز شریف اور مریم نواز کے موقف کے مخالف ہیں۔
میاں جلیل شرق پوری نے کہا کہ نواز شریف کو ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہئے، ملکی اداروں کے خلاف بیانات ملکی مفاد میں ہر گز نہیں ہوسکتے، نواز شریف اور مریم نواز کو اپنی سوچ بدلنا ہوگی۔
مزید پڑھیں: میں نواز شریف کی تقریر کے ساتھ کھڑا ہوں، شہباز شریف
دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے کوئی غلط بات نہیں کی، میں نواز شریف کی تقریر کے ساتھ کھڑا ہوں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نوازشریف کی تقریر آئین اور دستور کے عین مطابق ہے، نواز شریف کی تقریر کا ایک لفظ بھی غیر آئینی یا غیر جمہوری نہیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے اے پی سی سے ویڈیو لنک خطاب کے دوران حکومت اور عسکری اداروں پر شدید تنقید کی تھی۔