ریاض: سعودی وزارت حج والعمرہ نے زائرین کے لیے عمرہ ایس او پیز جاری کر دیئے، 4اکتوبر سے مقامی افراد کے لیے عمرہ ادائیگی کے پہلے مرحلے کا آغاز ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق عمرہ زائرین کے لیے جاری کردہ ایس او پیز میں پابند کیا گیا ہے کہ زائرین کو عمرہ ادائیگی سے قبل اجازت نامہ لینا لازمی ہوگا، زائرین عمرہ کی ادائیگی سے قبل مخصوص موبائل ایپ سے بکنگ کرائیں گے۔
موبائل ایپ سے بکنگ کا آغاز آج 27ستمبر سے شروع ہوگیا۔
عمرہ زائرین کے لیے 3گھنٹے کا وقت مختص کر دیا گیا، پہلے مرحلے میں 6ہزار افراد روزانہ عمرے کی ادائیگی کر سکیں گے، زائرین کو مخصوص بسوں کے ذریعے مسجد الحرام لایا جائے گا۔
ایس او پیز کے تحت زائرین کو انسداد کرونا ایس او پیز پر عمل کرنا لازم ہوگا۔
سعودی حکومت کی جانب سے عمرہ زائرین کے لئے خصوصی تیاریاں
سعودی وزارت حج والعمرہ نے پاکستان سمیت دیگر ممالک کو 15ربیع الاول سے عمرے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اعلان کرونا صورت حال کو دیکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ سعودی عرب میں مسجد الحرام انتظامیہ عمرہ زائرین اور نماز کے لیے مسجد الحرام آنے والوں کی تیاریاں جاری رکھے ہوئے ہے، انتظامیہ کے سربراہ اعلیٰ عبدالرحمن السدیس نے مسجد الحرام میں ایڈوانسڈ تھرمل کیمرے نصب کرائے ہیں، یہ کام حرم مکی میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات کے تحت کیا گیا ہے۔