کراچی: نوری آباد پر وین سے ٹکرانے والی گاڑی کا سراغ لگالیا گیا، حادثے کا سبب بننے والی گاڑی کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نوری آباد پر ٹریفک حادثے کا سبب بننے والی کراچی میں داخل ہوئی، واضح رہے کہ سفید کار کا بونٹ اڑ کر مسافر وین سے ٹکرایا تھا، حادثے کے نتیجے 15 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کی ذمہ دار گاڑی کراچی کے علاقے نیپا پل کے قریب بھی دیکھی گئی۔
دوسری جانب زخمی وین ڈرائیور عامر عباسی کا کہنا ہے کہ دروازے نما چیز آکر وین کے ٹائروں میں گری، وین بے قابو ہوکر کچے میں جاگری۔
وین ڈرائیور کا کہنا ہے کہ وین میں فوری طور آگ نہیں لگی تھی، میں نے شیشے توڑ کر ایک بچی اور مسافر کو نکالا، مسافروں کو نکال رہا تھا کہ وین میں اچانک آگ بھڑک اٹھی۔
مزید پڑھیں: نوری آباد کے قریب وین میں آتش زدگی، اموات 15 ہو گئیں
یاد رہے کہ گزشتہ روز نوری آبادی کے قریب حیدرآباد سے کراچی آنے والی وین حادثے کا شکار ہوگئی تھی جس کے نتیجے میں 15 افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ وین حادثے کے وقت گاڑی میں بچوں اور خواتین سمیت 25 مسافر سوار تھے، وین سے دوسری گاڑی کا بونٹ اڑ کر ٹکرایا تھا، جس کے بعد وین میں آگ بھڑک اٹھی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ حادثے میں تمام میتیں مکمل جھلس چکی ہیں، تمام لاشوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لیے گئے ہیں، ڈی این اے رپورٹس کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔