مسقط: سلطنت عمان میں سیاحتی مقامات پر کچرا پھینکنے کا انجام بہت برا بھی ہو سکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عمان میں انوائرنمنٹ اتھارٹی نے ایسے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات میں کچرا پھینک کر چھوڑ دیا تھا۔
ماحولیاتی حکام کی جانب سے آن لائن جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاحوں کے ایک گروپ نے جزائر دیمانیات میں غیر قانونی طور پر کیمپنگ کی اور کچرا چھوڑا، جس پر انھیں گرفتار کرنا پڑا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’نقصان پہنچانے والوں کے ہاتھوں سے ماحولیات اور فطری مظاہر کے تحفظ کے لیے اتھارٹی کی طرف سے مسلسل کوششیں جاری ہیں، انھی کوششوں کے تحت البطینہ میں ماحولیات کے محکمے نے چند سیاحوں کو گرفتار کر لیا ہے جنھوں نے جزائر دیمانیات کے نیچر ریزرو میں بغیر اجازت کے کیمپنگ کی تھی۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں نے سائٹ پر کچرا بھی چھوڑا، جسے اٹھانے اور ٹھکانے لگانے کے لیے ماہرین کی ضرورت پڑتی ہے، تاکہ سیاحتی مقام کو صاف رکھا جا سکے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم سب سے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ جزائر دیمانیات کے سیاحتی مقام کے حوالے سے جاری کردہ قواعد و ضوابط پر عمل کریں اور یہاں کی فطرت کے حسن سے لطف اندوز ہونے کے لیے ریزرو کے وزٹ کے دوران ان کی پابندی کریں۔‘