بدھ, فروری 5, 2025
اشتہار

شہباز شریف کا اپنے کیس کی پیروی کے لیے وکیل نہ کرنے کا فیصلہ

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: ذرایع نے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے اپنے کیس کی پیروی کے لیے وکیل نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شہباز شریف آج آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے، اس سے قبل انھوں نے فیصلہ کیا تھا کہ وہ وکیل نہیں کریں گے اور عدالت میں وکیل پیش نہیں ہوں گے۔

ذرایع ن لیگ نے بتایا کہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ وہ اپنا کیس اللہ کی عدالت میں چھوڑ رہے ہیں، نیب جتنے دن چاہے ریمانڈ لے لے، اپنا کیس خود لڑوں گا کسی سے مدد نہیں لوں گا۔

دریں اثنا، جسمانی ریمانڈ کیس کی سماعت کے لیے عدالت میں پیش ہو کر شہباز شریف نے کہا انصاف کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں، نیب نیازی گٹھ جوڑ کی وجہ سے انصاف نہیں ہو رہا، جب والد کی جانب سے اثاثے تقسیم ہوئے تو اس وقت ہم جلا وطن تھے، جب میں ملک واپس آیا تو 100 فی صد اثاثے بچوں کومنتقل کر دیے۔

ضمانت مسترد ، نیب نے شہبازشریف کو گرفتار کرلیا

شہباز شریف نے کہا جن کمپنیوں کی بات کی جا رہی ہے ان کا میں ڈائریکٹر تھا نہ ہی پارٹنر، کبھی کمپنیوں سے پیسہ نہیں لیا، کہا جا رہا ہے کہ یہ میرے بے نامی اثاثے ہیں، 2017 میں میرے سب سڈی نہ دینے کے فیصلے سے میرے بیٹے کی مل کو 90 کروڑ کا نقصان ہوا، میں نے پورے ہوش و حواس میں رہ کر یہ فیصلہ کیا تھا، میں اپنے بچوں کے معاملات کا جواب دہ نہیں۔

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ میں نے ایتھنول پر 2 روپے ٹیکس لگایا تھا جب کہ میرے خاندان کی بھی اس کی فیکٹریاں تھیں، موجودہ حکومت نے ایتھنول پر جو خط لکھا وہ میری دیانت داری کا ثبوت ہے، پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت نے اس 2 روپے لیٹر ٹیکس کو واپس لے لیا، میرے خاندان کی فیکٹریوں کو 1972 میں نیشنلائز کر دیا گیا، میرے والد اور چچا نے 6 ماہ میں 6 مزید فیکٹریاں لگائیں، اس وقت ہم کون سا اقتدار میں تھے۔

ادھر نیب عدالت سے شہباز شریف کا جسمانی ریمانڈ چاہتی ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے 2 بیٹوں نے 9 صنعتی یونٹس سے 10 برس میں اربوں کے اثاثے بنائے، شہباز شریف نے فرنٹ مین، ملازمین اور منی چینجرز سے اربوں کے اثاثے بنائے، انھوں نے متعدد بے نامی اکاونٹس سے اربوں کی منی لانڈرنگ کی۔

ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ 1990 میں شہباز شریف کے اثاثے 2 اعشاریہ 212 ملین روپے تھے، 2018 میں شہباز شریف کے اثاثے 7 اعشاریہ 32 ارب تک پہنچ گئے، 376 اعشاریہ 22 ملین، 11 صنعتی یونٹس، 4 بے نامی کمپنیاں شہباز شریف نے بنائیں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں