کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے کراچی کے بعد اندرون سندھ بھی عوامی طاقت دکھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے کراچی مارچ کے بعد اب شہری سندھ کے حقوق کی جدوجہد کی تحریک کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں حیدر آباد، میرپور خاص، نواب شاہ اور سکھر میں عوامی قوت کا مظاہرہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا، ایم کیو ایم نے 4 اکتوبر کو حیدرآباد کے حقوق اور وسائل کے لیے حیدر آباد مارچ نکالنے کا اعلان بھی کیا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ حیدرآباد کے بعد میرپور خاص، نواب شاہ اور سکھر مارچ بھی نکالے جائیں گے۔
ایم کیو ایم نے حقوق کراچی مارچ میں علیحدہ صوبے کا نعرہ لگادیا
رابطہ کمیٹی کی طرف سے ہدایت جاری کی گئی ہے کہ شہری سندھ کے مسائل کو اجاگر کرنے، حقوق کی بحالی اور عوام میں صوبائی حکومت کی متعصبانہ پالیسیوں پر آگاہی مہم کو تیز کیا جائے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی بیڈ گورننس اور وسائل پر قبضے کے حوالے سے سندھ کے عوام کی آگاہی کے لیے وائٹ پیپرز جاری کیے جائیں گے، اجلاس میں ایم کیو ایم نے گلگت بلتستان الیکشن میں بھی بھرپور شرکت کرنے کا فیصلہ کیا، یہ ہدایت بھی جاری کی گئی کہ گلگت بلتستان میں عوامی رابطہ مہم تیز کی جائے۔