واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کا کروناوائرس ٹیسٹ مثبت آ گیا۔
تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹ کر کے بتایا ہے کہ ان کا اور ان کی بیوی میلانیہ کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
کرونا پازیٹیو ہونے کے بعد امریکی صدر اور ان کی اہلیہ قرنطینہ میں چلے گئے ہیں، ٹرمپ نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ہم اب اس بیماری سے ایک ساتھ نمٹیں گے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ٹرمپ کی قریبی معاون ہوپ ہکس میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، جس کے بعد ٹرمپ نے اہلیہ سمیت قرنطینہ میں جانے کا اعلان کیا تھا۔
Tonight, @FLOTUS and I tested positive for COVID-19. We will begin our quarantine and recovery process immediately. We will get through this TOGETHER!
— Donald J. Trump (@realDonaldTrump) October 2, 2020
مشیر کا ٹیسٹ پازیٹو آنے پر دونوں کا ٹیسٹ بھی کرایا گیا تھا جس کا نتیجہ ٹرمپ نے آج ٹویٹ میں بتا دیا۔ خیال رہے کہ ہوپ ہکس نے رواں ہفتے ٹرمپ کے ساتھ انتخابی مہم میں کافی وقت گزارا تھا۔
امریکی صدر نے ایک ٹویٹ میں مشیر سے متعلق کرونا مثبت آنے کی خبر دیتے ہوئے ان کی تعریف بھی کی تھی، انھوں نے لکھا میری مشیر جو بہت محنتی ہیں ان میں کرونا کی تشخیص ہوئی ہے، جس کے باعث میں اور میری اہلیہ میلانیا ٹرمپ قرنطینہ میں چلےگئے ہیں، کرونا ٹیسٹ کے نتائج آنے تک قرنطینہ میں رہیں گے۔
میلانیا ٹرمپ نے بھی اس حوالے سے ٹویٹ کیا اور لکھا کہ کرونا پازیٹو آنے کے بعد لاکھوں امریکیوں کی طرح ہم بھی قرنطینہ ہو گئے ہیں، ہم بہتر محسوس کر رہے ہیں، میں نے اپنی ساری سرگرمیاں معطل کر دی ہیں، آپ لوگ بھی احتیاط کریں اور گھروں میں رہیں، ہم سب مل کر اس وبا سے نمٹیں گے۔
As too many Americans have done this year, @potus & I are quarantining at home after testing positive for COVID-19. We are feeling good & I have postponed all upcoming engagements. Please be sure you are staying safe & we will all get through this together.
— Melania Trump (@FLOTUS) October 2, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کئی مرتبہ ٹرمپ کرونا ٹیسٹ کر چکے ہیں، 15 مارچ کو ان کا ٹیسٹ منفی آیا تھا، اس سے چند دن قبل برازیل کے صدر کے مشیر نے ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس کے بعد فیبیو ونگرٹرن میں کرونا کی تصدیق ہوئی تھی، برازیلین عہدے دار نے ٹرمپ سے ملاقات کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی تھی۔