وسطی امریکی اور میکسیکو کے جنوب میں واقع ملک گواتمالا کے دارالحکومت میں ایک موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد اسلحے کے زور پر ماں کی گود سے بچہ چھین کر فرار ہوگئے۔
ڈیلی میل کی رپورٹ کے مطابق گواتمالا کی مصروف ترین شاہراہ زکاپا پر دن کے وقت ایک خاتون بچہ گود میں اٹھائے جارہی تھیں کہ اسی دوران گھات لگائے موٹرسائیکل سوار اُن تک پہنچے اور بچے کو چھیننے کی کوشش کی۔
خاتون نے مزاحمت کی تو اغوا کار نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور اسلحہ نکال کر خوفزدہ کرنے لگا۔مذکورہ واقعہ تیس ستمبر کو پیش آیا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی۔
فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ موٹرسائیکل سوار خاتون کا انتظار کررہے تھے، جیسے ہی وہ پیدل چلنا شروع ہوئیں تو وہ موٹرسائیکل تیزی سے دوڑاتے ہوئے خاتون کے پاس لے گئے۔
موٹرسائیکل پر پیچھے بیٹھا ہوا شخص تیزی سے کود مار کر نیچے اترا اور اُس نے ماں کی گود سے بچے کو چھیننے کی کوشش کی جس پر خاتون نے مزاحمت کی۔
بچے کے اغوا کی واردات 25 سیکنڈ میں ہوئی، اس دوران سڑک پر دیگر افراد بھی موجود تھے جن میں سے کسی نے مداخلت نہیں کی جبکہ شاہراہ پر بیٹھا کتا بھی بھونکتا ہوا اغوا کاروں کے پاس گیا اور بچے کو بچانے کی کوشش کی۔
ایک روز قبل پولیس نے تصدیق کی کہ بچے کو بازیاب کروا کے والدین کے حوالے کردیا گیا ہے۔ پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ’اغوا کار بچے کو ریلوے اسٹیشن کے قریب چھوڑ گئے تھے‘۔
ابھی تک نہ ہی کسی ملزم کی گرفتاری عمل میں آئی اور نہ پولیس اس نتیجے پر پہنچ سکی کہ آخر بچے کو اغوا کرنے کی واردات کیوں کی گئی۔