لاہور : اپوزیشن لیڈر شہبازشریف فیملی کو چپڑاسی، مزدور، پاپڑ والے کے بعد کباڑی کے نام پر رقوم منتقلی سے متعلق تفصیلات سامنے آگئیں، اظہر حسین کے نام پر سلمان شہباز کو 1 کروڑ 37 لاکھ 9 ہزار 151 روپے منتقل ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب) کی شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات جاری ہے ، چپڑاسی، مزدور، پاپڑ والے کے بعد کباڑی بھی سامنے آگیا۔
نیب دستاویزات میں بتایا گیا کہ گوجرانوالہ کے کباڑی اظہر حسین مغل کےنام پر کروڑوں روپے کی منتقلی کی گئی، کباڑی کےاکاؤنٹ سے سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں پیسے منتقل ہوئے۔
دستاویزات کے مطابق اظہر حسین کے نام پر سوفٹ کوڈ کے ذریعےسلمان شہبازکورقم منتقل ہوئی، سلمان شہباز کو 1 کروڑ 37 لاکھ 9 ہزار 151 روپے منتقل ہوئے۔
نیب دستاویزات میں بتایا گیا کہ اظہر حسین کے شناختی کارڈ نمبر سے 2012 میں3ٹرانزیکشن ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اظہر حسین نے دوران تفتیش رقم منتقلی سے لاعملی کا اظہار کیا، اظہر حسین نے بتایااس کی گوجرانوالہ میں کباڑی کی دکان ہے۔
نیب کے مطابق اظہر حسین کا دفعہ 161 کا بیان ریکارڈکر کےریفرنس کا حصہ بنا دیا گیا ہے، اظہرحسین شریف فیملی کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں بطور گواہ پیش ہوگا۔
یاد رہے اس سے قبل اپوزیشن لیڈر شہبازشریف فیملی کو منظور پاپڑ فروش کے نام پر رقوم منتقلی سے متعلق تفصیلات سامنے آئی تھیں، نیب دستاویزات میں کہا گیا تھا کہ منظور پاپڑ فروش کے نام سے 1 کروڑ 60 لاکھ 86 ہزار 435 امریکن ڈالڑز منتقل ہوئے، 12 ٹرانزیکشن پر مشتمل ڈالرز پاکستانی روپوں میں 8 کروڑ 8 لاکھ 26 ہزار 141 روپے بنتے ہیں۔
نیب کا کہنا تھا کہ منظور پاپڑ والے کے نام سے 12 ٹرانزیکشن 2007 اور 2008 میں ہوئیں، ٹرانزیکشن سلمان شہباز، حمزہ شہبازاور رابعہ عمران کے اکاونٹس میں ہوئیں۔