جہلم :27ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں نیوی کی خواتین شوٹرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس کی بدولت نیوی کی پہلی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق جہلم میں 27ویں نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ جاری ہے، ایونٹ میں نیوی کے شوٹرز عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
نیوی کی خواتین شوٹرز نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی دکھائی، ائیر رائفل خواتین ایونٹ میں نعمین نے گولڈ، مہک نے سلور اور نادرہ نے برانز میڈل حاصل کیا، تھری بائے فورٹی ایونٹ میں غفران گولڈ، عاقب سلور اور صدیق نے برانز میڈل جیتے۔
پوائنٹس ٹیبل پر نیوی کی 17 گولڈ کے ساتھ پہلی پوزیشن برقرار ہے، آرمی 13 گولڈ کے ساتھ دوسرے اور پی اے ایف تیسرے نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیشنل شوٹنگ چیمپئن شپ میں اولمپئن شوٹر خرم انعام ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتے ہوئے میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔
خرم انعام کی 3 سال بعد شوٹنگ رینج میں دھواں دھار واپسی ہوئی اور بھرپور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکیٹ اولمپک ایونٹ میں میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ چیمپئن شپ کے اسکیٹ اولمپک ایونٹ میں خرم انعام نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
مزید پڑھیں : نیشنل شوٹنگ میں اولمپئن شوٹر خرم انعام نے ایک بار پھر اپنی دھاک بٹھا دی
دریں اثنا شوٹر میر عثمان چند اپنے ہی ریکارڈ کو بہتر کرتے ہوئے پہلے نمبر پر رہے جبکہ نیوی کے کھلاڑی آصف کی دوسری پوزیشن رہی۔ ٹیم ایونٹ میں نیوی کا نمبر پہلا ہے، آرمی دوسرے اور سندھ کی ٹیم تیسرے نمبر پر موجود ہے۔