باکو : آذربائیجان کے صدر نے آرمینیا سے جھڑپوں کے دوران متنازعہ ریجن کے شہر جبرائیل کا کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وسطی ایشیائی ممالک آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان گزشتہ کچھ دنوں سے نگورنوکاراباخ ریجن کے تنازعے پر خونی جھڑپیں جاری ہیں، دونوں ممالک کی جانب سے متنازعہ علاقے پر قبضہ کرنے کےلیے بھاری گولہ کی جارہی ہے۔
آذربائیجان کی افواج کی جانب سے نگورنوکاراباخ ریجن کے مزید سات علاقوں پر قبضے کا دعویٰ کیا گیا تھا تاہم اب آذربائیجان کے صدر باقاعدہ شہر جبرائیل پر کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان بھی کردیا ہے۔
صدر آذربائیجان کا اعلان کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آذری افواج نے جبرائیل شہر پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا ہے، مزید علاقے قبضے میں لینے کے بعد آذربائیجان کے صدر نے ملٹری کمانڈر کو مبارک باد دی۔
واضح رہے کہ دونوں ممالک کے درمیان 8 روز سے جاری جھڑپوں میں اب تک 230 اموات ہو چکی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کاراباخ ریجن میں فریقین نے ایک دوسرے کو بھاری نقصان پہنچانے کا دعویٰ کیا ہے۔