اسلام آباد: دفتر خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ نے تصدیق کی ہے کہ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی امیر کویت کے انتقال پر تعزیت کے لیے کویت روانہ ہوں گے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ صدرمملکت کل کویت کے لیے روانہ ہوں گے ،اس دورے کا مقصد کویت کے سابق امیر شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح کے انتقال کی تعزیت اور اہل خانہ سے افسوس کرنا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق صدر مملکت کویت کے نئے امیر اور ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح سے ملاقات بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ 29 ستمبر کو امریکا میں زیر علاج امیر کویت شیخ صباح الاحمد الجابر الصباح طویل علالت کے باعث دار فانی سے کوچ کر گئے تھے، ان کا انتقال 91 برس کی عمر میں ہوا۔
شیخ صباح رواں برس جولائی میں علاج کی غرض سے امریکا منتقل ہوئے تھے، اس سے قبل ان کی کویت میں بھی سرجری ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: شیخ نواف الاحمد کویت کے نئے امیر مقرر
شیخ صباح الاحمد نے 2006 میں تیل کی دولت سے مالا مال عرب ریاست کویت کے امیر کا منصب سنبھالا تھا جب کہ اس سے قبل 50 برس سے ریاست کے خارجہ امور و پالیسیاں دیکھ رہے تھے۔ وہ 1963 سے 1991 تک کویت کے وزیر خارجہ رہے جب کہ 1993 میں انھیں دوبارہ کویت کے وزیر خارجہ کا منصب سونپ دیا گیا جو 2003 تک ان کے پاس رہا۔
امیر صباح الاحمد الجابر کے انتقال کے بعد کویت کے ولی عہد شیخ نواف الاحمد الجابر الصباح کو ملک کا نیا امیر مقرر کر دیا گیا ہے۔ کویت کے نئے امیر کی عمر 83 سال ہے جب کہ وہ سابق سربراہ کے سوتیلے بھائی ہیں۔
امیرِ کویت کے انتقال پر حکومت نے چالیس روزہ جب کہ متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔