پشاور : گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ترناب فارم میں 10 طالبات میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ، جس کے بعد محکمہ تعلیم کےپی نے اسکول مکمل بند کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخواہ کے دارلحکومت پشاور کے تعلیمی اداروں میں کوروناوائرس بڑھنے لگا ، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول ترناب فارم میں 10 طالبات میں کورونا کی تصدیق ہوگئی ہے۔
محکمہ تعلیم کےپی کا کہنا ہے کہ اسکول کے 2 کلاس فور ملازمین بھی کورونا میں مبتلا ہوگئے، کورونا کیسز کے بعد متعلقہ اسکول کلاس کو بند کردیا ہے جبکہ اسکول مکمل بند کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے اسکولوں میں کورونا کیسز کی تعداد جاری کردی گئی ہے ، محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 15 ستمبرسے3 اکتوبرتک اسکولوں میں 225کورونا کیسز رپورٹ ہوئے، اسکولوں میں کورونا مثبت کیسز کا تناسب ایک اعشاریہ 25 فیصد ہے۔
محکمہ صحت کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روزانہ 1500 سے زائد سیمپل لئے جارہے ہیں، ابھی تک 22 ہزار 222 اسکول عملے کے ٹیسٹ کئےجاچکے ہیں۔
یاد رہے کے مانیٹرنگ اینڈ ایولیشن ڈیپارٹمنٹ نے سرکاری ونجی تعلیمی اداروں کی مانیٹرنگ رپورٹ جاری کی تھی ،جس میں وباکے پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا ، رپورٹ کے مطابق سندھ بھر کے چوالیس ہزارنوسوچوراسی اسکولوں میں تدریسی عمل جاری ہے، دوہزارایک سوآٹھ تعلیمی اداروں نے ایس او پیزپرعمل ہی نہیں کیا۔
رپورٹ میں کہاگیا ہےکہ بیس روز کے دوران چونسٹھ ہزارسےزائد ٹیسٹ کیےگئے، جن میں تین سواسی طلبااوراساتذہ میں کورونا کی تصدیق ہوئی، پازیٹو کیسزمیں اکثریت کراچی کی ہے، رپورٹس آنے کے بعد کراچی کے چار اضلاع میں پینتیس اسکولز بند کیے گئے۔